موذی مرض کا شکار بالو فرط مسرت سے سرشار

میگا اسٹار چرنجیوی کا مداح ، ٹیلی ویژن پر رپورٹ سے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا کی عیادت
حیدرآباد۔/25ڈسمبر، ( سیاست نیوز) میگا اسٹار چرنجیوی نے آج مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل پہنچ کر ایک کمسن مریض کی عیادت کی جو ان کا زبردست مداح بتایا جاتا ہے۔ ایک ٹی وی چینل نے اس کمسن لڑکے کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس لڑکے کی عین خواہش ہے کہ وہ چرنجیوی سے ملاقات کرے۔ چینل نے اپنی رپورٹ میں لڑکے کی تشویشناک حالت کا ذکر کرتے ہوئے والدین کی معاشی ابتر صورتحال کو بھی پیش کیا تھا۔ عادل آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے کمسن لڑکے بالو کی اس حالت کا پتہ چلتے ہی کانگریس کے رکن راجیہ سبھا اور تلگو فلموں کے میگا اسٹار چرنجیوی نے کرسمس کے موقع پر کمسن مداح سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے دواخانہ پہنچ کر نہ صرف لڑکے سے ملاقات کی بلکہ اس کے لئے ایک تحفہ پیش کیا۔ انہوں نے لڑکے کے ہاتھ پر ایک دھاگہ باندھتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صحت یاب ہوجائے گا۔ ایک خانگی رضاکارانہ تنظیم جو اس لڑکے کے علاج میں اہم رول ادا کررہی ہے اس نے میڈیا کو انکشاف کیا تھا کہ بالو کی عین خواہش ہے کہ چرنجیوی سے اس کی ملاقات ہو۔ چرنجیوی نے کمسن لڑکے کے ساتھ کافی وقت گذارا ، ان کے ہاسپٹل پہنچتے ہی انہیں دیکھنے کیلئے مداح ٹوٹ پڑے۔ بالو کے والدین چرنجیوی کی آمد پر جذبات سے بے قابو ہوگئے اور ان کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے۔ چرنجیوی نے انہیں دلاسہ دیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا لڑکا کینسر جیسے مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گا۔ چرنجیوی نے کمسن مریض کو اپنے ساتھ بٹھاکر کچھ دیر اس سے بات چیت کی اور اسے دلاسہ دیا کہ وہ بہت جلد صحت یاب ہوکر گھر واپس ہوگا۔ چرنجیوی نے لڑکے کے علاج کے سلسلہ میں ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ چرنجیوی کی موجودگی کے دوران موذی مرض کا شکار بالو فرطِ مسرت سے سرشار بستر سے اُٹھ کر بیٹھ گیا اور کچھ دیر تک ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے وہ اپنے مرض کو بھول چکا ہے۔ چرنجیوی نے ڈاکٹروں سے بالو کے علاج اور اس کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ 10سالہ بالو گزشتہ ایک عرصہ سے اس دواخانہ میں زیر علاج ہے۔ بات چیت کے دوران کمسن لڑکے نے چرنجیوی سے سوال کیا کہ وہ اپنی 100ویں فلم کب مکمل کررہے ہیں۔ جس پر چرنجیوی نے کہا کہ وہ اپنی سوویں فلم کیلئے بہت جلد شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے اپنی سوویں فلم میں بالو کو موقع دینے کا تیقن دیا۔ چرنجیوی کی آمد کے موقع پر دیگر کمسن مریضوں کے والدین بھی اپنے بچوں کے ساتھ چرنجیوی سے ملاقات کیلئے پہنچے۔ میگا اسٹار نے چند ایک مریضوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی اور روانہ ہوگئے۔