مودی کے 100 دن میں حکمرانی کے انداز میں نمایاں تبدیلی، کارپوریٹ اداروں کا تاثر

نئی دہلی۔ 31؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کے اقتدار کے 100 دن مکمل ہونے سے عین قبل بیشتر کارپوریٹ قائدین کو حکمرانی کے انداز میں نمایاں فرق محسوس ہورہا ہے۔ نئی حکومت جوابدہی اور احکام پر عمل آوری پر زیادہ توجہ دے رہی ہے اور سننے اور نظر انداز کرنے کے رویے تبدیل ہوگئے ہیں۔ اسوچیم نے ایک سروے کے دوران کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے انڈیا اِن کارپوریشن سروے میں 10 میں سے 8 نشانات حاصل کئے ہیں۔ 357 اعلیٰ سطحی صنعتی قائدین نے گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری سروے میں حصہ لیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے حکمرانی کے انداز میں نمایاں تبدیلی پیدا کی ہے۔ ہندوستانی معیشت عالمی اور اندرون ملک سرمایہ کاروں کے لئے واضح طور پر پُرکشش بن گئی ہے۔ غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار ہندوستان کو اُبھرتی ہوئی منڈیوں میں سرفہرست رکھتے ہیں۔ وہ ہندوستانی حصص کی خریداری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔