مودی کا حقیقی پریس کانفرنس میں عوام کا سامنا وقت کا تقاضا

بی جے پی قائد و رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا کا بیان
نئی دہلی ۔ /29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے یشونت سنہا کی حکومت پر معیشت سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تنقید کی تائید کرتے ہوئے آج وزیراعظم نریندر مودی سے خواہش کی کہ وہ ایک حقیقی پریس کانفرنس میں عوام کا سامنا کریں کیونکہ یہی وقت کا تقاضا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس جمہوریت کے سربراہ ہیں اس لئے انہیں آگے آکر عوام کا سامنا کرنا چاہئیے اور حقیقی پریس کانفرنس میںعوام کے سوالوں کا جواب دیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے وزیراعظم کم از کم ایک بار ایسا کردکھائیں گے اور اوسط طبقہ کے افراد ، تاجروں ، چھوٹے تاجروں کا سامنا کریں گے ۔ کیونکہ گجرات کے اسمبلی انتخابات قریب آچکے ہیں ۔ اس لئے انہیں گجرات کے تاجروں کے سوالات کا جواب بھی دینا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر فینانس یشونت سنہا کا تبصرہ درد انگیز لیکن ٹھوس حقیقت پر مبنی ہے ۔