مودی نے سیاسی مفاد کے لیے سرجیکل حملوں کا استعمال کیا

’ مسٹر 36 ‘ کے شخصی اثاثے کے طور پر فوج کا استعمال شرمناک : راہول گاندھی
نئی دہلی ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے لیفٹننٹ جنرل ( ریٹائرڈ ) ڈی ایس ہوڈا کے ان ریمارکس پر کہ خفیہ انداز میں 2016 کے سرجیکل حملے کیے جاتے تو بہتر تھا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور وزیراعظم پر سیاسی مفاد کے لیے فوجی کارروائی کے استعمال کا الزام عائد کیا ۔ لیفٹننٹ جنرل ( ریٹائرڈ ) ہوڈا نے چندی گڑھ میں گذشتہ روز منعقدہ فوجی روبی میلے کے دوران ایک سوال پر جواب دیا تھا کہ ہم اگر یہ ( سرجیکل حملے ) خفیہ انداز میں کئے ہوتے تو بہتر تھا ۔ ان کے اس ریمارک پر راہول گاندھی نے ٹوئیٹر پر کہا کہ ایک سچے سپاہی جنرل کی حیثیت سے بات کی ہے ۔ ہندوستان آپ پر بے حد فخر کرتا ہے ۔ مسٹر 36 ( مودی ) کو ہماری فوج کا اپنے شخصی اثاثے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے قطعی کوئی شرم نہیں آئی ۔ راہول گاندھی نے مزید لکھا کہ انہوں (مودی ) نے سیاسی مفاد کے لیے سرجیکل حملوں اور انیل امبانی کی دولت کو 30,000 کروڑ تک بڑھانے کے لیے رافیل معاملت کا استعمال کیا ۔ کانگریس کے اعلیٰ ترجمان رندیپ سرجے والا نے مودی کی اوچھی سیاسی بازی گری کو بے نقاب کرنے پر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ ہوڈا کا شکریہ ادا کیا ۔ سرجے والا نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ حقیر سیاسی مفادات کے لیے کوئی بھی ہمارے بہادر سپاہیوں کی شجاعت و قربانیوں کو استعمال نہیں کرسکتا ۔ مودی جی غیر ضروری طور پر سینہ پیٹتے ہوئے قومی سلامتی اور حکمت عملی کے مفادات سے مفاہمت کے خاطی و قصوار ہوئے ہیں ۔۔