!مودی حکومت نے چار سال میں دھوکہ کے سوا کچھ نہیں دیا

نئی دہلی ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس نے نریندر مودی حکومت کے چار سال کی تکمیل پر اس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اس پر انتخابی وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے ملک کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس نے ’ دھوکہ دہی ‘ کے زیر عنوان شائع کتابچہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سال سے زرعی شعبہ بدنظمی ، بحران اور افراتفری کا شکار ہے۔

کسان ، نوجوان اور خواتین بی جے پی زیرقیادت حکومت کی دھوکہ دہی کے شکار ، کانگریس کے خصوصی کتابچہ کی اجرائی
کسانوں کو اپنی پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت خرید بھی حاصل نہیں ہورہی ہے۔ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے آج چوتھے سال کی تکمیل پر وزیراعظم نریندر مودی اور اُن کی پارٹی کے سربراہ امیت شاہ نے خودستائی کا طویل سلسلہ چھیڑا اور اپوزیشن بالخصوص کانگریس کوہدف تنقید بنایا۔ اس کے جواب میں کانگریس قائدین غلام نبی آزاد، اشوک گہلوٹ اور رندیپ سرجے والا نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی این ڈی اے حکمرانی میں خوف اور نفرت کا ماحول پیدا کردیا گیا ہے۔ کانگریس کی طرف سے مختلف ریاستوں میں بھی آج مودی حکومت کے چار سال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مظاہرے منظم کئے گئے۔ بعض جگہ وزیراعظم مودی کے علامتی پتلے نذر آتش کئے گئے۔ اے آئی سی سی کمیونکیشنز انچارج سرجے والا نے کہا کہ عوام کو اب معلوم ہوگیا ہے کہ
مودی۔ امیت شاہ جوڑی اس ملک کیلئے خطرہ ہے۔ مودی حکومت کے چار برسوں کو چار اصطلاحوں میں پیش کیا جاسکتا ہے … دغابازی، شعبدہ بازی، انتقام اور دروغ گوئی۔ دلتوں، قبائلیوں، اقلیتوں اور خواتین پر مبینہ مظالم کا ذکر کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی نے کہا کہ انڈیا میں بی جے پی حکومت کے تحت کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ ہر کوئی راتیں بے خوابی میں گزار رہا ہے۔ کانگریس نے بی جے پی کی ’’غلط حکمرانی‘‘ کے چار سال پر کتابچہ بعنوان ’ہندوستان سے دغا‘ انگریزی اور ہندی دونوں زبانوں میں جاری کیا اور وزیراعظم سے 40 استفسارات کا سوالنامہ پوچھا گیا ہے۔ جئے پور میں کانگریس جنرل سکریٹری اویناش پانڈے نے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس ضمن میں لیبر بیورو کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کانگریس نے اپنے کتابچہ میں کہا کہ سالانہ 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے مودی کے وعدہ کے برخلاف بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کی طرف سے 2016.17 ملازمتیں پیدا کی گئیں ۔ پانڈے نے کہا کہ دلتوں ، اقلیتوں اور قبائلی عوام کے خلاف مظالم میں اضافہ ہوا ہے اور یہ طبقات غیر محفوظ ہوگئے ہیں ۔ انھوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ خواتین بھی غیر محفوظ ہیں۔ کسان ، نوجوان ، تاجرین اب یہ محسوس کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ وزیراعظم مودی اور بی جے پی نے انھیں دھوکہ دیا ہے ۔ انھوںنے اقتدار پر فائز ہونے کیلئے بلنگ بانگ دعوے کئے تھے لیکن گزشتہ چار سال کے دوران عملی طور پر کچھ نہیں کیا ۔ صدر راجستھان پی سی سی سچن پائلٹ نے جئے پور میں پریس کانفرنس میں چیف منسٹر وسندھرا راجے حکومت کو بھی اس کے قیام کی چوتھی سالگرہ پر تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور کہا کہ راجے حکومت رشوت ستانی کے الزامات کا سامنا کررہی ہے ۔