مناسب غذا اور مناسب نیند طویل العمری کا راز

ملبورن۔/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی نے معمر مرد و خواتین کی خوراک کی عادتوں اور اُن کی نیند سے متعلق تحقیق کی ہے جس سے انہوں نے یہ نتیجہ پیش کیا ہے کہ معمر مرد حضرات اگر اچھی نیند لیتے ہیں تو اُن کی طویل العمری کی طمانیت دی جاسکتی ہے۔ بے خوابی یا نیند میں بے چینی کے شکار افراد کی طویل العمری کی طمانیت نہیں دی جاسکتی البتہ معمر خواتین اگر ہمہ اقسام کی غذاؤں کا استعمال کرتی ہوں جن میں چربی کی مقدار زیادہ نہ ہو تو انہیں اپنی صحت سے متعلق بے فکر ہوجانا چاہیئے۔ وٹامن B6 کی مقدار والی غذا خواتین کیلئے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں اور اس کے ذریعہ اگر وہ کم خوابی کا بھی شکار ہوں تو اُن کی طویل العمری کی طمانیت دی جاسکتی ہے۔

موناش یونیورسٹی ، نیشنل ڈیفنس میڈیکل سنٹر، تائیوان اور نیشنل ہیلت ریسرچ انسٹی ٹیوٹس کے محققین اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ خواتین کو وٹامن B6 والی غذا کا زاید استعمال کرنا چاہیئے۔ دریں اثناء موناش یونیورسٹی کے ایمیریٹس پروفیسر مارک والکھوسٹ نے بتایاکہ خواتین کے مقابلے مَردوں کی طویل العمری کیلئے نیند ایک اہم رول ادا کرتی ہے۔ دوسری طرف اگر کوئی مرد یا خاتون بے خوابی یا بے چینی والی نیند کا شکار ہو تو اُسے موٹاپا، ذیابیطس اور قلب کا عارضہ لاحق ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ہی صنفوں میں اگر ناقص غذا استعمال کرنے کے بعد نیند بھی نامکمل یا بے چینی سے پوری ہوتی ہے تو ایسی صورت میں مردو خواتین دونوں کو بہت زیادہ محتاط ہوجانے کی ضرورت ہے کیونکہ گہری نیند بھی انسان کے جسم کیلئے اتنی ہی ضروری ہے جتنی کہ بہترین غذا۔