ممبئی میں ایرانی بنک ’’پاسارگاد ‘‘ کو شاخ کھولنے کی اجازت

نئی دہلی : ایران کے خلاف امریکی پابندیوں سے محض چند ہفتہ قبل مرکزی حکومت نے ایران کے ایک خانگی بنک کو ممبئی میں اپنی شاخ کھولنے کی منظوری دے دی ہے ۔وزارت خزانہ نے ریزرو بنک آف انڈیا کو اس سلسلہ میں مطلع کیا ہے کہ اسے ایرانی بنک ’’ پاسارگاد ‘‘ کی ہندوستان میں شاخ کھولنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔واضح رہے کہ ایران کے بنک کو ہندوستان میں کھولنے کی منظوری ایک ایسے وقت میں ملی ہے جب امریکہ نے ایران پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے دیگر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایران سے تیل کی خرید کو کم کریں ۔

ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا پہلا مرحلہ ۶؍ اگست کو شرو ع ہوگا ۔اس سے قبل انڈین ایکسپورٹ فیڈریشن نے آر بی آئی سے رجوع کرتے ہوئے ایرانی بنکوں کے ہندوستان میں داخلہ کی اجازت دینے کی تجویز دی تھی تا کہ باہمی تجارت کو آسان بنایا جاسکے ۔ہندوستان میں ایران کے علاوہ جنوبی کوریا کے بنک کو بھی شاخ کھولنے کی منظوری دی گئی ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ جب کسی غیر ملکی بنک کو آر بی آئی کی جانب سے ہری جھنڈی مل جاتی ہے تو وزارت مالیات ، تجارت ، خارجہ و داخلہ کے سینئر افسران کی کمیٹی اس کاجائزہ لیتی ہے اوران تمام وزارتوں کی منظوری کے بعد ہی آر بی آئی لائسنس جاری کرتا ہے ۔