ممبئی ریلوے فٹ اوور بریج پر بھگدڑ، 22 ہلاک ، 30 زخمی

بارش اور شارٹ سرکٹ کی زوردار آواز اہم وجوہات، کئی افراد نے اپنی جان بچانے دوسروں کو روند دیا
ممبئی ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں ریلوے اسٹیشنوں کو مربوط کرنے والے ایک تنگ فٹ اوور بریج پر آج صبح اچانک بھگدڑ مچ جانے کے سبب کم سے کم 22 افراد ہلاک اور دیگر 30 افراد زخمی ہوگئے۔ اس ہولناک واقعہ کے درمیان کئی پریشان حال افراد کو گرنے کے بعد دوسروں کے پاؤں تلے روندے جانے اور ریلنگ سے پھلستے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ یہ المیہ دن کے 10 بجکر 40 منٹپر الفنسٹون روڈ اور پریل نیم مضافاتی اسٹیشنوں کو مربوط کرنے والے تنگ فٹ اوور بریج پر پیش آیا جہاں بارش کے سبب مسافرین کا بھاری ہجوم جمع ہوگیا تھا۔ روزانہ لاکھوں افراد اس پل کا استعمال کرتے ہوئے تجارتی علاقہ کو پہنچتے ہیں، جہاں کئی بڑے کارپوریٹ اور میڈیا دفاتر بھی واقع ہیں۔ کئی دہائیوں قبل تعمیر شدہ اس پل پر گنجائش سے کہیں زیادہ تعداد میں افراد جمع ہوگئے تھے اور وہاں سے گذرنے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے رہے تھے کہ دم گھٹنے کے سبب کئی افراد ہلاک ہوگئے اور نیچے پلیٹ فارم پر کھڑے سینکڑوں افراد بے بسی کی حالت میں یہ کربناک منظر دیکھ رہے تھے۔ کئی افراد اپنی جان بچانے کیلئے ریلنگ پر چڑھ گئے۔ دیگر کئی وہاں لڑکھڑاتے ہوئے افراد کے درمیان مایوسی و پریشانی کی حالت میں خود کو سنبھالنے کی کوششوں میں مصروف دیکھے گئے۔ اس مقام پر موجود ایک مسافر کشور ٹھکر نے جو کئی برسوں سے اس راستہ سے سفر کررہے ہیں کہا کہ ’’اس وقت موسلادھار بارش ہورہی تھی۔

پُل پر موجود افراد نیچے اترنے کے لئے بے چین تھے کہ دیگر سب اربن ٹرینوں سے اترنے والے مسافر پل پر چڑھنے کی کوشش کررہے تھے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس صورتحال کو بہتر بنانے کی درخواست کے ساتھ ہم نے چھ ماہ قبل ہی ریلوے انتظامیہ کو ایک مکتوب بھی پیش کیا تھا‘‘۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندرمودی، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور دوسروں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مہلوکین کیلئے فی کس 10 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلانکیا گیا ہے جن میں وزیر ریلوے پیوش گوئل اور مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کی طرف سے معلنہ پانچ، پانچ لاکھ روپئے شامل ہیں۔ بارش اور شارٹ سرکٹ کو بھی اس بھگدڑ کی وجوہات میں شمار کیا جارہا ہے اور کئی شہریوں نے کہا کہ مختلف اندیشوں کے سبب اس قسم کا کوئی المیہ رونما ہونے کاانتظار ہی کیا جارہا تھا۔

پولیس کو شبہ ہیکہ فٹ اوور بریج کے قریب شارٹ سرکٹ کی زوردار آواز سے خوف و ہراسانی کے ساتھ لوگ بھاگنے لگے جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ ہرہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سل کے سربراہ مہیش نارویکر نے کہا کہ 8 خواتین اور ایک بچہ بھی مہلوکین میں شامل ہے اور پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی جھلکیوں اور موبائیل ویڈیوز کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ بھگدڑ کی وجہ دریافت کی جاسکے ۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے کے ای این ہاسپٹل کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی ۔ دریں اثناء گورنر مہاراشٹرا نے ممبئی بھگدڑ پر صدمہ کا اظہار کیا ہے ۔ اپوزیشن نے وزیر ریلوے کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جبکہ کانگریس نے مودی حکومت کو الزام دیتے ہوئے اس بھگدڑ کو انسانی ساختہ آفت قرار دیا ۔ مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس10 لاکھ روپئے کے علاوہ شدید زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپئے اور معمولی زخمیوں کو فی کس 50,000 روپئے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

 

ممبئی بھگدڑ پر اپوزیشن کا وزیرریلو سے استعفیٰ ا مطالبہ
ممبئی ۔ /29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایلفنس ٹن ریلوے اسٹیشن کے پیدل اوور بریج پر بھگدڑ سے ممبئی کے شہری صدمہ کا شکار ہوگئے ہیں ۔ بی جے پی کی حلیف شیوسینا کے بشمول تمام اپوزیشن پارٹی نے ریلوے کے انفراسٹرکچر کی قلت اور بلٹ ٹرین کیلئے ٹکٹوں کی قیمت میں اضافہ پر احتجاج رکتے ہوئے تمام اپوزیشن پارٹیوں نے وزیر ریلوے سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ کانگریس نے کہا کہ حکومت کو اپنی کوتاہیوں کا کھل کا اعتراف کرنا چاہئیے ۔ کیونکہ اس انسانی ساختہ آفت کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ اس کی عدالتی تحقیقات ضروری ہیں ۔ اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے ریلوے پر تنقید کرتے ہوئے اسے مجرمانہ لاپروائی اور انسانوں کا قتل عام قرار دیا ۔ صدر سونیا ، نائب صدر راہول گاندھی اور راجیہ سبھی میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے مہلوکینن کے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیرت کیا ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ مناسب منصوبہ بندی اور حفاظت کیلئے فکر سے یہ سانحہ ٹالا جاسکتا تھا ۔سابق وزیر ریلوے سریش پربھو نے گزشتہ سال شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ کو ایک وسیع تر پل کی موجودہ پل کی جگہ تعمیر کا تیقن دیا تھا ۔ تاہم ہنوز ایسا نہیں کیا گیا ۔ مصروف اوقات میں اس سانحہ کے بعد مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل نے ریلوے کے سینئر عہدیداروں سے سلسلے وار ملاقاتیں کرتے ہوئے ممبئی کے مضافاتی ریلوں کو درپیش مسائل کاجائزہ لیا ۔ بھوبنیشور سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر اڑیسہ نوین پٹنائک نے آج ممبئی بھگدڑ میں 22 افرادوں کی ہلاکتوں پر اظہار رنج کرتے ہوئے ریلوے کی بنیادی حفاظتی انفراسٹرکچر کی صلاح کا مطالبہ کیا ۔ مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے بھی اس موقع پر تعزیت پیش کرتے ہوئے عوام سے خطاب کیا ۔