ممبئی، گوا اور کونکن میں بارش کا خطرہ برقرار‘ ہائی الرٹ جاری

نئی دہلی ۔10جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مانسون نے اپنی دستک کے ساتھ ہی مہاراشٹرا کو پانی میں شرابور کردیا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں میں یہاں ہوئی زوردار بارش نے نہ صرف شہر کی رفتار پر بریک لگا دیا ہے … بلکہ کئی جگہ تباہی بھی مچا دی ہے۔لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے. کیونکہ محکمہ موسمیات نے ممبئی، کونکن اور گوا میں اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا ہے. ہندوستانی محکمہ موسمیات نے سیٹلائٹ امیج کے ذریعے بادلوں کی صحیح پوزیشن کی بھی جانکاری لی ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ مانسون اپنے وقت کے مطابق اپنی رفتار سے چل رہا ہے اور بحرعرب سے آکر خلیج بنگال کی کھاڑی ہوتا ہوا مشرقی ہندوستان تک پہنچ رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 10 اور 11 جون کو ممبئی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں موسلادھار بارش ہو گی، جبکہ کونکن کے 6 اضلاع میں بھی شدید بارش ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔مہاراشٹر کے لاتور میں ایک بزرگ کی پانی کے بہائو میں بہہ جانے سے موت ہو گئی ہے۔
تھانے ضلع میں بھی دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے. تھانے میں ہفتہ صبح بجلی گرنے سے ایک ماہی گیر کی موت ہو گئی جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے. وہیں تھانے میں ہی تیز بارش اور راستوں پر پڑے گڈھوں کی وجہ سے ایک اسکوٹی پر پچھلی سیٹ پربیٹھی خاتون گر گئی اور ٹرک کی زد میں آکر اس کی موت ہوگئی. ہفتہ کو ممبئی میں بھی بھاری بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ٹرین سروس پر بھی کافی اثر پڑا ہے۔