ملے پلی کراس روڈ پر بڑی گاڑیوں پر پابندی، عوام پریشان

کس کی صحیح کس کی غلط…
ملے پلی کراس روڈ پر بڑی گاڑیوں پر پابندی، عوام پریشان

حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) ملے پلی کراس روڈ پر ٹریفک جام کا مسئلہ سب پر عیاں ہے لیکن ٹریفک پولیس کی جانب سے اس ٹریفک مسئلہ کا جو حل نکالا گیا ہے وہ سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ کمرشیل گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک جام کی وجہ بتاتے ہوئے ٹریفک پولیس نے اس سڑک پر سمنٹ کے بیریکٹ لگا دیئے ہیں جس کی وجہ سے اب صرف دو پہیوں کی گاڑیاں ہی اس سڑک سے گذر سکتی ہیں لیکن یہاں موجود دکانداروں نے شکایت کی ہیکہ ٹریفک پولیس کی اس کارروائی سے نہ صرف ان کا کاروبار متاثر ہوا ہے بلکہ انہیں سامان کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کیلئے گاڑیوں کو زیادہ پیسہ دینا پڑ رہا ہے۔ ملے پلی کراس روڈ پر موجود ویلڈنگ شاپ کے مالک شیخ نے کہا کہ سمنٹ کے بیریکٹ کی وجہ سے ہمارا کاروبار متاثر ہوا ہے کیونکہ دکان کے نزدیک گاڑی نہیں آسکتی ہے۔ ٹرانسپورٹ کیلئے روزانہ زیادہ پیسہ ادا کرنا پڑرہا ہے۔ علاوہ ازیں افضل نگر کے ایک مکین نے کہا کہ اب ہم اس سڑک پر اپنی کار سے سفر نہیں کرسکتے ہیں اور کار سے سفر کرنے کیلئے ایک کیلو میٹر در جاکر یوٹرن لینا پڑتا ہے۔ دوسری جانب ملے پلی کی ٹریفک کے نگہبان اسٹیٹ سب انسپکٹر جی بوچیا نے کہا کہ ہم نے یہ بیریکٹ اس لئے ڈالے ہیں کیونکہ یہ سڑک کافی تنگ ہے، یہاں پانی کے ٹینکر اور کمرشیل گاڑیاں کھڑی کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے اوقات ٹریفک کا بڑا مسئلہ درپیش رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی گاڑیوں اور ٹرکس کے خلاف کئی مقدمات درج کئے لیکن یہ گاڑیاں یہاں گھنٹوں کھڑی رہ کر ٹریفک جام کررہی تھیں۔ اس ٹریفک جام کا مسئلہ ختم کرنے کیلئے ہم نے اس بریکٹ کا استعمال کیا ہے جس سے اب بہتر نتائج حاصل ہورہے ہیں۔