ملک میں پہلی مرتبہ کوئلہ کی گیس میں تبدیل کرنے کی سہولت

تلچر کھاد پراجیکٹ کا سنگ بنیاد ، وزیراعظم مودی کا خطاب
تلچر (اڈیشہ)۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے تلچر کھاد کے ایک پلانٹ کے احیاء کیلئے 13,000 کروڑ روپئے کے ایک پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ (پراجیکٹ) مقررہ 36 ماہ کی مدت میں اپنی پیداوار کا آغاز کردے گا۔ اس پلانٹ کے ذریعہ یہاں پہلی مرتبہ کوئلہ کو گیس میں تبدیل کیا جائے گا جو نیم چڑھے یوریا کی تیاری کے علاوہ کھاد کے ذخیرہ کے طور پر استعمال کی جائے گی۔ وزیراعظم نے اس پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کے آغاز کے موقع پر کہا کہ ’’مجھے بتایا گیا ہے کہ یہ 36 ماہ میں پیداوار کا آغاز کرے گا۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ 36 ماہ بعد میں دوبارہ یہاں آؤں گا اور آپ کے ساتھ ہوں گا۔ میں اس پراجیکٹ کا افتتاح کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ قدرتی گیس اور کھاد کی درآمدات کم کرنے میں معاون ہوگا اور ہندوستان کو خودمکتفی بنائے گا۔ ’ہندوستان کو ترقی کی ایک نئی بلندی پر پہونچانا ہمارا مقصد ہے‘‘۔ کھاد کے اس پلانٹ جیسے پراجیکٹس ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں مرکزی کردار ہوتے ہیں۔ اس پلانٹ میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کی جارہی ہے۔ مودی نے کہا کہ اس کالے ہیرے (کوئلہ) کو ہندوستان میں پہلی مرتبہ گیاس میں تبدیل کیا جارہا ہے جس سے قدرتی گیاس اور کھاد کی درآمدات کو کم کرنے میں مدد ملے گی‘‘۔