مغربی بنگال سے ترنمول کانگریس کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کا عہد

کولکتہ۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کو بردوان دھماکہ کی این آئی اے تحقیقات میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہا کہ ایسا ترنمول کانگریس قائدین کو جو اس واقعہ میں مبینہ طور پر ملوث ہیں، بچانے کے لئے کیا جارہا ہے۔ ایک پُرہجوم جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے الزام عائد کیا کہ ساردھا چٹ فنڈ کی رقم 2 اکٹوبر کے بردوان دھماکہ کے لئے استعمال کی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ترنمول کانگریس قائدین کو بچانے کے لئے چیف منسٹر ممتا بنرجی این آئی اے کی تحقیقات میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ وہ ایک پُرہجوم جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے چیف منسٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال میں بدعنوان ترنمول کانگریس حکومت کا وقت قریب آچکا ہے اور عہد کیا کہ وہ ریاست سے اس پارٹی کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے نعرہ دیا ہے کہ ترنمول کانگریس حکومت سے پاک مغربی بنگال۔ بی جے پی ہریانہ اور مہاراشٹرا کے بعد جھارکھنڈ، جموں و کشمیر، بہار، دہلی اور مغربی بنگال میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔

انھوں نے چیلنج کیا کہ اگر ممتا بنرجی میں ہمت ہے تو وہ کیوں نہیں کہتیں کہ ساردھا اسکام میں جن لوگوں کو سی بی آئی نے گرفتار کیا ہے، وہ بے قصور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قبل ازیں اس کا الزام عائد کیا گیا تھا، لیکن اب یہ ثابت ہوچکا ہے کہ ترنمول کانگریس قائدین اسکام میں ملوث ہیں۔ امیت شاہ نے کہا کہ ممتا بنرجی ووٹ بینک سیاست کی خاطر قومی سلامتی کی اہمیت کو کم کررہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شیامل سین کمیشن کو ترنمول کانگریس کی حکومت نے کیوں برخاست کردیا؟ انھوں نے کہا کہ وہ ممتا بنرجی کی تصویروں کی خریداری کی تفصیلات جاننا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کو کھل کر کہنا چاہئے کہ کیا ترنمول کانگریس قائدین نے ساردھا اسکام سے فائدہ اُٹھایا ہے؟ سنگور اراضی تحریک کے دوران ممتا بنرجی نے مرن برت رکھا تھا۔ کیا وہ اب ساردھا اسکام کے خاطیوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہیں؟ پارلیمنٹ کے باہر کالے دھن کے مسئلہ پر ترنمول ارکان پارلیمنٹ کے احتجاج کا مذاق اُڑاتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ترنمول کانگریس اور ممتا بنرجی کو اس رقم کے بارے میں کیا کہنا ہے، جو ساردھا اسکام میں بہائی گئی ہے۔ یہ کالا دھن تھا یا سفید دھن؟