مظفر نگر فسادات کیس کی سماعت ملتوی

مظفر نگر،/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک مقامی عدالت نے مرکزی وزیر سنجیو بلیاں اور بی جے پی ارکان اسمبلی سنگیت سوم اور سریش رانا کے خلاف 2013 مظفر نگر فسادات کے سلسلہ میں حاضری میں ناکامی پر سماعت کو ملتوی کردیا۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ جتیندر کمار نے بلیان، سوم ، رانا ، بی جے پی رکن پارلیمنٹ بھرتندو سنگھ، وشواہندو پریشد لیڈر سادھوی پراجی اور بی جے پی لیڈر اومیش ملک کی شخصی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور 27 فبروری تک سماعت کو ملتوی کردیا۔ مذکورہ لیڈوں پر الزام ہے کہ ناگلا مدور مہا پنچایت کے اجلاس میں شرکت کی اگسٹ 2013 میں اپنی اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعہ تشدد بھڑکایا۔ مظفر نگر اور متصل علاقوں میں پیش آئے فرقہ وارانہ جھڑپوں میں 60افراد ہلاک اور 40ہزار سے زائد لوگ گھر بار چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ فسادات کے ایک اور کیس میں چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ گریما چودھری نے بی جے پی لیڈر مکرم سائنی اور دیگر کے خلاف سماعت کو 14فبروری تک ملتوی کردیا جو کہ ایک کار کو نذر آتش کرنے سے متعلق ہے۔ مذکورہ کیس میں ماخوذ ملزمین میں بلیان مرکزی وزیر ہیں جبکہ سوم، رانا اور سائنی اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کررہے ہیں۔
وکیل کے قتل کے خلاف سمستی پور بند کا ملا جلا اثر
سمستی پور۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں سمستی پور کے وکیل وجے پودوار کے قتل کے خلاف احتجاج میں آج سمستی پور شہر میں بند کا ملا جلا اثر رہا۔وکیل کے قتل کے خلاف وکلاء نے ضلع ایڈووکیٹ یونین کے صدر رجنی رنجن اور سیکرٹری پرشوتم سنگھ مننا کی قیادت میں شہر میں احتجاجی مارچ نکالا اور عدالتی کاموں کا بائیکاٹ کیا۔ وکلاء نے مسٹر پودوار کے قاتلوں کی گرفتاری، ہلاک شدہ کے اہل خانہ کو 20 لاکھ روپے معاوضہ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو فوراً معطل کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ادھر لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے کارکنوں نے بھی ضلع صدر جتیندر کشواہا اور ترجمان اوما شنکر مشرا کی قیادت میں کرپوری یادگار کے قریب اہم راستہ پر دھرنا مظاہرہ کیا۔ ایل جے پی کارکنوں نے سمستی پور-پٹنہ اہم راستہ کو بھی جام کرکے کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کی ۔وھیں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسی – لینن) کے بینر تلے بھی سمستی پور میں بڑھتے ہوئے جرائم پر روک لگانے سمیت دیگر مطالبات کے سلسلے میں شہر کے مختلف راستوں پر مشتعل مظاہرے کئے گئے ۔قابل ذکر ہے کہ 28 جنوری کو بدمعاشوں نے شہر کے کالي مندر کے قریب دن دہاڑے ایڈووکیٹ مسٹر پودوار کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔