مصر میں سڑک حادثہ، 11 افراد ہلاک

قاہرہ۔ 31؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ حالیہ ہفتوں میں ایک اور مہلک سڑک حادثہ میں قاہرہ میں ایک ٹریلر کا مائیکرو بس سے تصادم ہوگیا جس میں کم از کم 11 افراد زندہ جل گئے اور دیگر 6 جھلس گئے۔ یہ حادثہ قاہرہ۔ اسمٰعیلیہ صحرائی سڑک پر پیش آیا۔ ڈائریکٹر شرقیہ امبولنس کمپنی فکری تحتاوی نے کہا کہ 11 نعشیں جھلس کر مکمل طور پر خاکستر ہوگئی ہیں۔ دیگر 6 افراد شدید جھلسی ہوئی حالت میں ہیں۔ 22 اگسٹ کو مصر کے جنوبی شینائی کے علاقہ میں سیاحتی مرکز شرم الشیخ کے قریب دو ٹورسٹ بسوں کے تصادم سے جن میں 80 مسافر بشمول غیر ملکی شامل تھے، کم از کم 38 افراد ہلاک اور 41 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ ایک اور واقعہ میں 20 افراد ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہوگئے تھے جب کہ شادی کے باراتیوں کو منتقل کرنے والی دو مائیکرو بسوں میں تصادم ہونے کی وجہ سے دونوں بسیں جنوبی مصر کی ایک نہر میں گرگئی تھیں۔