مشیر آباد کے چمڑے کے کارخانے چنگی چرلہ اور پلاسٹک یونٹس کی گھٹکیسر منتقلی

انسداد آلودگی کے لیے حکومت کے اقدامات ، انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن سے اراضی فراہمی
حیدرآباد۔29جون(سیاست نیوز) بھولکپور مشیر آباد میں موجود چمڑے کے کارخانے چنگی چرلہ مسلخ سے متصل سرکاری اراضی پر منتقل کئے جائیں گے۔ بھولکپور میں موجود چمڑے کے کارخانوں کے سبب ہونے والی آلودگی کے پیش نظر حکومت نے انہیں شہر سے باہر مضافاتی علاقہ میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس سلسلہ میں اراضیات کی نشاندہی کا عمل جاری تھا لیکن متعدد کوششوں کے باوجود ان چمڑے کے کارخانوں کیلئے مناسب جگہ دستیاب نہیں ہو رہی تھی لیکن اب جی ایچ ایم سی سے مشاورت کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ رام پلی کیسرا منڈل کے بجائے اب تمام چمڑے کے کارخانو ںکو چنگی چرلہ منتقل کیا جائے کیونکہ متعلقہ تجارت کے اطراف ہونے کے باعث تاجرین کو بھی کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کے کے مضافات میں 15 مقامات کا جائزہ لینے کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ چمڑے کے کارخانوں کو چنگی چرلہ منتقل کیا جائے جبکہ اسی علاقہ میں موجوداسکراپ تاجرین کے علاوہ پلاسٹک یونٹ چلانے والوں کو ایدولہ باد گھٹکیسر منتقل کیا جانے لگا ہے۔بھولکپور میں آلودہ پانی کے سبب ہونے والی اموات کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی تھی اس کی تحقیق کے دوران ماہرین نے پانی میں موجود آلودگی کیلئے آلودگی پھیلانے کا ذمہ دار کارخانوں کو ٹھہراتے ہوئے انہیں فوری منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ حکومت نے اسی وقت ان کارخانوں کو منتقل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے فیصلہ کیا تھا کہ ان کارخانوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا۔ چمڑے کے کارخانوں کے علاوہ پلاسٹک اور اسکراپ یونٹ کے مالکین کو شہر کے باہر حوالہ کی جانے والی اراضیا ت مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل اینڈ انفراسٹرکچر کارپوریشن سے حاصل کی ہے اور ان اراضیات میں ہی کاروبار منتقل کرنے والوں کو جگہ کی فراہمی عمل میںلائی جائیں گی۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھولکپور مشیر آباد میں جملہ 533تجارتی مراکز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جن میں 107چمڑے کے کارخانے ‘ 183لوہے اور پلاسٹک کے کارخانوں کے علاوہ 120اسکراپ کی دکانات و کارخانہ شامل ہیں ۔ عہدیداروں کے بموجب چمڑے کے کارخانوں کی منتقلی اور بیشتر پلاسٹک و لوہے کے کارخانوں کی منتقلی کے بعد اب معمولی کاغذی کاروائی کا عمل باقی ہے اور اس عمل کو بھی بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا تاکہ مشیر آباد کے اس علاقہ بھولکپور کو آئندہ کسی بھی طرح کی آلودگی سے پاک بنایا جاسکے۔