مسلم خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ضروری

معاشرتی مسائل حل کرنے کی مساعی ، ادارۂ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کا مولاعلی میں کپڑا بینک
غریب گھرانوں کی دلہن کیلئے بہترین کپڑوں کی فراہمی ،جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے افتتاح کیا

حیدرآباد۔29ستمبر(سیاست نیوز) جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں کوہ ِمولیٰ علی کے دامن میںواقع سعداللہ نگر میں کپڑا بینک کی مولیٰ علی برانچ کا افتتاح عمل میںآیا۔ اس افتتاحی تقریب میں جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ‘ ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے بھی شرکت کی ۔ نگران کار کپڑا بینک وکنونیر افتتاحی تقریب ممتاز دانشوارجناب ڈاکٹر شوکت علی مرزا نے افتتاحی تقریب کی کاروائی چلائی۔ جناب زاہد علی خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ادارۂ سیاست او رفیض عام ٹرسٹ کے اشتراک سے غریب او رنادار مسلمانوں میں صاف ستھرے کپڑوں کی فراہمی کا کام کیاجارہا ہے۔جناب زاہدعلی خان نے مزیدکہاکہ ہمہ اقسام اور تمام عمر کے مردو خواتین کے لئے صاف ستھرے کپڑوں کی فراہمی کپڑا بینک میںکی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ معاشی طور پر پسماندہ خاندان کی لڑکیو ںکی شادی کے لئے بھی دلہنوں کے کپڑے اس کپڑا بینک میںموجود ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے کہاکہ ادارۂ سیاست نے جہیز کی لعنت سے پاک معاشرے کے قیام کا بیڑہ اٹھایا ہے اس کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جہیز کی لعنت کے سبب مسلم معاشرے میں معاشی پسماندگی کا شکار خاندانوں کی سینکڑوں لڑکیاں اپنی شادی کے انتظار میںہیں۔جناب زاہدعلی خان نے کہاکہ جہیز کی لعنت کو ختم کرنے کا ادارۂ سیاست نے بیڑہ اٹھایا ہے تاکہ مسلم معاشرے کے اس حساس مسئلہ کا حل نکالا جاسکے ۔ جناب زاہدعلی خان نے تعلیم کو معاشرے کی برائیوں کے خاتمہ کیلئے ایک بہترین ہتھیار بھی قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں خواتین اور لڑکیو ںمیںعلم حاصل کرنے کے رحجان میںاضافہ ہوا ہے۔ انہوںنے مزیدکہاکہ آج خواتین او رلڑکیاں تعلیم کے تمام شعبو ں میںاپنی قابلیت کے جوہر دکھا رہی ہیں اورتعلیمی اداروں میں بالخصوص مسلم لڑکیوں کی تعدادمیں اضافہ ہورہا ہے۔ جناب زاہد علی خان نے تعلیم کے شعبے طب میں لڑکیوں کی 80فیصد تعداد کے حوالے سے بتایا کہ یہ تعلیمی انقلاب مسلم معاشرے کے سلگتے ہوئے مسائل کا حل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں خواتین کے خود مکتفی بنانے کے بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ایک عورت یا لڑکی تعلیم یافتہ ہوکر گھر کے گذراے کے لئے حصہ دار بن سکتی ہے تو معاشرے کی معاشی پسماندگی کو دور کرنے میں بھی اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ جناب زاہد علی خان نے کہاکہ شریعت کی پابندی کے ساتھ خواتین کو بھی ووکیشنل کورسس کی تربیت حاصل کرتے ہوئے اپنے گھر کی کفیل بننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہندی ڈیزائننگ آج کے دور کی سب سے اہم ضرورت بن گئی ہے ۔ شادیوں کے موقعوں پر ہزاروں روپئے خرچ کرکے مہندی ڈایزئنر کی خدمات سے استفادہ کیاجارہاہے ۔ خصوصی موقعوں پر غیر مردوں کے ہاتھوں ہماری خواتین مہندی ڈیزائن دلانے کے لئے مجبور ہیں۔جناب زاہد علی خان نے کہاکہ اگر ہماری خواتین مہندی ڈیزائننگ اور ٹیلرنگ جیسے ہنر میںمہارت حاصل کرلیتی ہیں تو وہ بھی ان کی آمدنی میںاضافہ کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ جناب زاہد علی خان نے کہاکہ قوموں کی ترقی خواتین کوآگے بڑھانے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کو عام کرنے اور ووکیشنل کورسس کے تحت تربیت حاصل کرنے کے متعلق خواتین میںشعور بیداری مہم کے طور پر کیمپ منعقد کرنا چاہئے ۔بعدازاں ہلپنگ ہینڈس کے تحت مولیٰ علی کے سعداللہ نگر میں چلائی جارہے مولی علی ٹیلرنگ سنٹر میںتربیت حاصل کرنے والی خواتین اور لڑکیوں میںجناب زاہد علی خان ‘ جناب افتخار حسین اور ڈاکٹر مخدوم محی الدین کے علاوہ جناب سید حیدرعلی اور جناب سیدعلی حیدر عامر کے ہاتھوں اسناد کی تقسیم بھی عمل میںائی۔کپڑا بینک کے افتتاح کے موقع پر پانچ منتخب خواتین میں مدیر اعلی جناب زاہد علی خان کے ہاتھوں ساڑیوںکی تقسیم بھی عمل میںلائی گئی۔