مسلمانوں کو تجارت میں غیر مسلمین کو ساجھے دار بنانے کی ضرورت

جی سی سی ا ٓئی کے سیمینار سے چیرمین کھادی اینڈ ویلیج بورڈ یوسف زاہدکا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : مسلمانوں کو اس ملک میں عزت اور وقار کے ساتھ رہنا ہے تو انہیں تعلیم تجارت اور سیاست میں اپنے آپ کو مستحکم بنانا ہوگا ساتھ ہی اس ملک کے دیگر ابنائے وطن کے ساتھ پنے روابط کو خوشگوار بنانے ہوں گے ۔ مسلمان اس ملک میں تنہا اپنے طور پر صنعت اور تجارت میں قدم رکھنے کی بجائے دیگر ابنائے وطن کو اپنا ساجھے دار بنائے تاکہ اس کے مستقبل کے تحفظ کی طمانیت مل سکے ۔ ان خیالات کا اظہار چیرمین کھادی اینڈ ویلیج بورڈ انڈسٹریز جناب یوسف زاہد نے کیا ۔ وہ 19؍نومبر2017ء کو گلوبل چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیراہتمام میڈیا پلس آڈیٹوریم میں حکومت تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات اور ان سے استفادہ کے امکانات کے موضوع پر ایک سیمینار سے مخاطب تھے ۔ پروفیسر اکبر علی خان سابق وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی ‘ جناب غلام محمد ‘ جناب عبدالکلام منصوری ٹکسٹائئل انجینئر ‘ جناب مظہر حسین ‘ سمیر شہ نشین پر موجود تھے ۔ ڈاکٹر حسیب اللہ جنرل سکریٹری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ جناب یوسف زاہد نے کہا کہ مسلمانوں کو چھوٹے پیمانہ کی صنعتوں میں حصہ لینا چاہئے تجربہ کے بغیر بڑی صنعتوں میں حصہ لینے سے عموماًنقصانا ت کا اندیشہ رہتا ہے ۔انہوں نے پہلے مائکرو انڈسٹری اس کے بعد میڈیم اسکیل انڈسٹری اور پھر میجر انڈسٹری میں قدم رکھنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد ہندوستان میں ایک اور لڑائی لڑنی ہوگی اس سرمایہ دار طبقہ کے حلاف جس نے غریب اور متوسط طبقہ کے کاروبار پر قبضہ کرلیا ۔ ہر طرف شاپنگ مالس کلچر ہے جو غریب اورمتوسط طبقہ کی روٹی چھین رہا ہے ۔ جناب یوسف زاہد نے کہا کہ مسلمانوں کا دانشور اور تعلیم یافتہ طبقہ سیاست سے دور رہنے کی وجہ سے سیاست پراگندہ ہے ۔ ایک کارپوریٹر جو کام کرسکتا ہے وہ کئی دولت مند مل کر نہیں کرسکتے ۔ کھادی اینڈ ویلیج بورڈ انڈسٹری کی اسکیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بیشتر اسکیمات کے تحت بنک لون پر 35% سبسیڈی ملتی ہے ۔ انہوں نے بنکنگ سیکٹر سے واقفیت کی ضرورت پر زور دیا ۔پروفیسر اکبر علی خان نے تمام تعلیمی اداروں میں کامرس لیابس کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے قومی تعلیمی پالیسی کے تحت مختلف تجارتی شعبوں کے لئے سرکاری سرپرستی اور اقداات پر روشنی ڈالی ۔عبدالکلام منصوری نے ٹکسٹائل انجینئرنگ پر روشنی ڈالی ۔ سیمینار میں جناب محمد عبدالرزاق نائب صدر جی سی سی آئی ‘ جناب امجد بھی موجود تھے ۔