مرکز پر تنقید کیلئے سونیا گاندھی نے دروغ گوئی کی : بی جے پی

نئی دہلی 30 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) لالو پرساد یادو اور نتیش کمار کے ساتھ سونیا گاندھی کی بہار میں سوابھیمان ریلی میں شرکت کے بعد بی جے پی نے آج ان پر جوابی تنقید کی اور کہا کہ خاندانی اقتدار کی سیاست کو فروغ دینے والوں ‘ موقع پرستوں اور کرپشن کی سیاست کرنے والوں کا یہ اجتماع تھا اور کانگریس کی سربراہ نے اس ریلی سے خطاب میں مرکز پر تنقید کرنے جھوٹی باتیں کہی ہیں۔ سونیا گاندھی نے اپنی تقریر میں مودی حکومت پر قومی ضمانت  روزگار اسکیم اور پاکستان پالیسی میں نرمی پیدا کرنے کا الزام عائد کیا تھا ۔ بی جے پی نے کہا کہ ساری دنیا نے دہشت گردی کے تعلق سے حکومت کے سخت موقف کا اعتراف کیا ہے لیکن سونیا گاندھی نے جھوٹ کہا ہے جبکہ ان کے فرزند راہول گاندھی پاکستان سے سوال کرنے کی بجائے مرکز سے سوال کرنے سرحدات تک چلے گئے ۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد نے ایک پریس کانفنرس میں کہا کہ خاندانی اقتدار کو فروغ دینے والے ‘ موقع پرست اور کرپشن کو فروغ دینے والے آج ایک پلیٹ فارم پر نظر آئے ۔ سونیا گاندھی کو کھچ شرم ظاہر کرنی چاہئی تھی ۔ انہوں نے پاکستان کے تعلق سے غلط بیانی کی ہے ۔ پرساد نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں قومی ضمانت روزگار اسکیم کیلئے بجٹ میں رقم کو 5000 روپئے بڑھائے گئے ہیں اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جیسا کہ سونیا گاندھی نے کہا ہے ۔ آر جے ڈی سربراہ کے ساتھ ڈائس پر آنے پر سونیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک مذاق ہے کہ سونیا نے لالو پرساد یادو کی حکمرانی کی ستائش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہار کی توہین ہے ۔ ریاست میں اکٹوبر ۔ نومبر میں اسمبلی انتخابات ہوسکتے ہیں۔ بی جے پی نے عظیم اتحاد کی اس سوابھیمان ریلی کو اپمان ریلی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی میں ترقی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا ۔ اس میں خواتین ‘ دلت اور غریب عوام شریک نہیں ہوئے ۔ انہوں نے نتیش کمار اور لالو پرساد یادو کی حکومتوں کی ستائش پر سونیا گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔