مرکزی وزیر چرنجیوی قطار میں رہ کر ووٹ دینے پر مجبور

رائے دہی کے موقع پر این آر آئی نوجوان کے اعتراض پر عمل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : مرکزی وزیر و اے پی سی سی مہم کے صدر نشین کے چرنجیوی کو پولنگ اسٹیشن پر مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب وہ ارکان خاندان کے ہمراہ حق رائے دہی کے لیے گئے ۔ چرنجیوی ووٹر شناختی کارڈ کے ساتھ جوبلی ہلز پولنگ اسٹیشن پہنچے اور وہ حق رائے دہی کے لیے لائن کو پھلانگتے ہوئے ووٹ دینے کی کوشش کی تاہم لندن سے آئے این آر آئی کارتیکیان نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے چرنجیوی اور ان کے ارکان خاندان جن میں چرنجیوی کی اہلیہ اور ان کے فرزند رام چرن تھے کو قطار میں آنے کے لیے کہا ۔ کارتیکیان نے کہا کہ ہر شہری کو حق رائے دہی کا حق حاصل ہے تاہم کسی کو حق رائے کے دوران خصوصی موقف نہیں دیا جانا چاہئے ۔ اس موقع پر چرنجیوی نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانون توڑنے والے شہری نہیں ہیں بلکہ وہ صرف یہ جاننا چاہ رہے تھے کہ آیا ان کا نام فہرست رائے دہندگان میں شامل ہے یا نہیں اور پھر چرنجیوی قطار میں کھڑے ہو کر ارکان خاندان کے ہمراہ ووٹ کا استعمال کیا ۔ بعد ازاں کارتیکیان نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ وہ بھی جوبلی ہلز کے شہری اور ووٹر ہیں اگر چرنجیوی وی آئی پی ہیں تب وہ بھی وی آئی پی ہیں جیسا کہ وہ بھی جوبلی ہلز میں رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چرنجیوی کی وہ بہت عزت کرتے ہیں اور اگر چرنجیوی تنہا ووٹ دینے آتے انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوتا تاہم وہ ارکان خاندان کے ہمراہ دوسروں سے قبل ووٹ دینے کی کوشش کی ۔۔