مختلف خوشبوئیں دماغی امراض میں فائدہ مند

مختلف پھولوں پھلوں اور ہربز کی خوشبو ذہنی امراض خصوصا ذہنی دباؤ کو نمایاں طور پر کم کرتی ہے۔ پھلوں میں لیموں، آم اور مالٹے کی خوشبو ذہنی دباؤ و امراض کم کرنے میں مدد دیتی ہے ۔ ہربز میں پودینہ جبکہ پھولوں میں گلاب کی خوشبو انسان کے ذہنی و جسمانی کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے۔ سائنسی ترقی نے جہاں انسان کو ان گنت سہولتیں اور آسائشیں فراہم کی ہیں وہاں ذہنی دباؤ اور نفسیاتی و ذہنی امراض میں بھی انتہائی اضافہ ہوا ہے۔ زندگی کی تیز رفتاری اور کم تر وقت میں بہت کچھ حاصل کرلینے کی خواہش ذہنی دباؤ میں اضافہ کررہی ہے دنیا بھر میں ایسے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو کسی نہ کسی حوالے سے ذہنی امراض کا شکار ہیں۔ بعض خوشبوئیں سونگھنے سے ذہنی امراض سے تعلق رکھنے والے مخصوص جینز متحرک ہو جاتے ہیں اور خون کی کیمسٹری میں ایک مخصوص تبدیلی واقع ہوتی ہے جس

سے ذہنی امراض خصوصاً ذہنی دباؤ کم کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔ اس امر کا اظہار یونانی میڈیکل آفیسر حکیم قاضی ایم اے خالد نے ہفتہ ذہنی صحت کے حوالے سے منعقدہ ایک مجلس مذاکرہ میں کیا انہوں نے کہا کہ پھلوں میں لیموں، آم اور مالٹے کی خوشبو ذہنی دباؤ اور ذہنی امراض کم کرنے میں مدد دیتی ہے ۔ ہربز میں پودینہ جبکہ پھولوں میں گلاب کی خوشبو انسان کے ذہنی و جسمانی کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے۔ اس کی خوشبو سے یادداشت میں اضافہ ہوتا ہے ، الزائمر کی مرض سے بچاؤ میں انتہائی موثر ہے۔ الزائمر ایک دماغی بیماری ہے جس سے بہت آہستگی کے ساتھ متاثرہ فرد اپنی یادداشت کھو دیتا ہے۔ رات کے اوقات میں گلاب کی خوشبو سونگھنے سے افراد کی ذہنی صحت پر انتہائی مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انسانی دماغ کا اہم حصہ ہیپو کیمپس یادداشت کا ذخیرہ ہوتا ہے۔ رات کے وقت خوشبو سونگھنے سے دماغ کے اس اہم حصہ کی کارکردگی بڑھ جاتی ہے اور انسان کی یادداشت کو مضبوط بنا دیتی ہے۔ گلاب کی خوشبو نیند لانے میں بھی فائدہ مند ہے اور اچھی نیند جسمانی و ذہنی صحت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔