محمود بھائی میری شادی کے مخالف تھے : مینو ممتاز

ممبئی ۔ 5 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )اپنے وقت کی مشہور رقاصہ اداکارہ مینو ممتاز آج کل ہندوستان آئی ہوئی ہیں۔ یاد رہے کہ برسوں قبل انھوں نے علی اکبر نامی شخص سے شادی کرکے کینیڈا میں سکونت اختیار کرلی تھی ۔ آج کل وہ اپنی بیٹیوں اور بیٹے کے ساتھ ممبئی اور حیدرآباد کاد ورہ کررہی ہیں جہاں اُن کے دیگر رشتہ دار بھی رہتے ہیں۔ مینو ممتاز کی شادی علی اکبر سے اتفاقیہ طورپر ہوگئی ۔ انھوں نے کہا کہ اُن کے بڑے بھائی مرحوم اداکار محمود اس شادی کے خلاف تھے ۔ وہ جاننا چاہتے تھے کہ علی اکبر آخر کرتے کیا ہیں؟ میں نے بھائی جان کو بتایا کہ وہ اسسٹنٹ ڈائرکٹر ہیں۔ بھائی جان نے کہا کہ وہ اُن کا کام دیکھنا چاہتے ہیں۔ مینو ممتاز گیارہ بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ محمود سب سے بڑے تھے ۔ اُن کے علاوہ دیگر بھائی بہنوں کو فلموں سے کوئی دلچسپی نہیں تھی ۔ صرف انور علی نے بھائی جان کے ساتھ کچھ غیراہم فلموں میں کام کیا۔ مینو ممتاز کی پسندیدہ ہیروئنیں نور جہاں اور ثریا تھیں۔ بھائی جان نے علی اکبر کو فلم چھوٹے نواب اور بھوت بنگلہ ڈائرکٹ کرنے کو دیں۔