متحدہ عرب امارات میں ہیلی کاپٹر حادثہ، 4 ہلاک

ابو ظہبی- متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق امدادی کاموں پر مامور ہیلی کاپٹر میں پرواز بھرتے ہی اچانک آگ بھڑک اْٹھی جس کے بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتا ہوا گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے میں پائلٹ سمیت عملے کے تمام افراد ہلاک ہوگئے۔ہیلی کاپٹر میں حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 3 اماراتی شہری جب کہ ایک کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے، جن کی شناخت حْومَید الزابی، سقر الیاماہی، جاسم التونیجی اور مارک ٹی الزابی کے ناموں سے ہوئی۔

ہیلی کاپٹر کا ملبہ متحدہ عرب امارات کے پہاڑی سلسلے کے بلند ترین چوٹی جبل جیس سے مل گیا۔ ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔

ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کے لیے سول ایوی ایشن کی جانب سے ایک تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تمام پہلووں کا جائزہ لیکر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔