مایا کوڈنانی کے فسادات کے مقام پر موجود ہونے کی عینی گواہان نے شہادت دی :استغاثہ

احمد آباد ۔ /30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کی مقرر کردہ اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کے وکیل نے گجرات ہائیکورٹ میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کئی عینی گواہان نے مایا کوڈنانی سابق گجرات وزیر کے 2002 ء نروڈا پاٹیہ فسادات کے مقام پر موجود رہنے کی شہادت دی ہے۔جسٹس موہیندر پال اور جسٹس آر ڈی کوٹھاری پر مشتمل ڈیویژن بنچ اس مقدمہ میں دائر کردہ اپیلوں کی سماعت کررہی ہے ۔  ایس آئی ٹی کے لئے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر پرشانت دیسائی نے عینی گواہان کے بیانات کی بنیاد پر مختلف مجرمین کے رول کی تفصیلات پیش کی ۔ دیسائی نے کہا کہ کئی عینی گواہان نے مایا بین کوڈنانی اس وقت کی مقامی رکن اسمبلی کے جرم سرزد ہونے کے مقام پر موجود رہنے کی توثیق کی ہے ۔ ٹرائیل کورٹ نے کوڈنانی کو سزائے عمر قید سنائی ہے ۔ عدالت میں بحث /4 اگست کو جاری رہے گی ۔ جسٹس پال نے وکلاء سے دریافت کیا کہ کیا کسی پولیس عہدیدار کے خلاف ڈیوٹی سے لاپرواہی کا الزام ہے ۔ جس پر سینئر ایڈوکیٹ نروپم ناناوتی نے دفاع کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ اسپیشل ٹرائیل کورٹ میں ایسی درخواست دائر کی گئی تھی لیکن اسے مسترد کردیا گیا تھا ۔