مانسون 6 جون کو ساحل کیرالا سے ٹکرانے کا امکان

حیدرآباد 4 جون ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مانسون کی سرگرمیوں میں بتدریج تیزی پیدا ہوتی جا رہی ہے اور جو حالات پیدا ہوئے ہیں وہ مانسون کے ساحل کیرالا سے ٹکرانے کیلئے سازگار ہیں۔ ساحل کیرالا سے مانسون کے ٹکرانے کی معمول کی تاریخ یکم جون ہے ۔ تاہم اس بار مانسون کی آمد میں تاخیر ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ اب جو حالات پیدا ہوئے ہیں اور موسمی سرگرمیوں میں جو تیزی پیدا ہوئی ہے اس کے مطابق 6 جون جمعرات کو مانسون ساحل کیرالا سے ٹکرا سکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گدشتہ ہفتے کے دوران مانسون شمال کی جانب پیشرفت کر رہا تھا اور اب وہ معمول کے مطابق جنوب کی سمت آگے بڑھ رہا ہے ۔ اس سال مانسون کی آمد میں تاخیر کے باوجود محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ جاریہ سال ہندوستان بھر میں تقریبا معمول کے مطابق بارش ہوگی ۔