مالی امداد کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا دورہ ٔملائشیا

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان آئندہ ہفتہ ملائشیا کے دورہ پر روانہ ہوں گے جہاں وہ ملک کی قیادت سے مالی تعاون کی درخواست کریں گے تاکہ پاکستان کی کمزور معیشت کا آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیاکیج پر کم سے کم انحصار ہو۔ دفترخارجہ کے مطابق دورہ پر ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد بھی عمران خان کے ہمراہ ہوگا جس کی تاریخ 20 اور 21 نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔ وزیراعظم ملائشیا مہاترمحمد اور عمران خان کی روبرو ملاقات کے علاوہ وفد کی سطح پر بھی دونوں ممالک کے درمیان بات چیت متوقع ہے۔ دفترخارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عرصہ دراز سے دوستانہ تعلقات ہیں کیونکہ مذہبی اور ثقافتی طور پر بھی دونوں ممالک کی اقدار تقریباً یکساںہیں۔ پاکستان کو جاریہ مالیاتی سال میں 12 بلین ڈالرس کے خسارہ کا سامنا ہے۔ یاد رہیکہ جاریہ ماہ کے اوائل میں عمران خان نے چین کا بھی دورہ کیا تھا جس نے پاکستان کو 6 بلین ڈالرس بطور امداد دیئے جانے آمادگی کا اظہار کیا تھا جبکہ گذشتہ ماہ سعودی عرب نے بھی عمران خان کے دورہ کے موقع پر 6 بلین ڈالرس دیئے جانے کا وعدہ کیا تھا۔ دریں اثناء ملائشیا کے ہائی کمشنر متعینہ پاکستان اکرام بن محمد ابراہیم نے وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں ملاقات کرتے ہوئے متعدد معاملات پر بات چیت کی۔