مالیگاؤںکیس : ضمانتوں کا دو ماہ میں فیصلہ کریں

مہاراشٹرا کی خصوصی عدالت کو سپریم کورٹ کی ہدایت
نئی دہلی ، 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج مہاراشٹرا کی ایک خصوصی عدالت کو مزید دو ماہ کا وقت عطا کردیا کہ 2008ء کے مالیگاؤں دھماکہ کیس کے ملزمین بشمول لیفٹننٹ کرنل ایس پی پروہت اور سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ضمانت سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنائے۔ ’’مزید دو وقت کا وقت دیا جاتا ہے،‘‘ جسٹس جے چلمیشور اور جسٹس اے ایم سپرے کی بنچ نے یہ بات کہی جب اڈیشنل سالیسیٹر جنرل (اے ایس جی) تشار مہتا نے انھیں مطلع کیا کہ خصوصی مکوکا عدالت کے پریسائیڈنگ آفیسر نے دو ماہ کی توسیع مانگی ہے۔ اے ایس جی نے کہا کہ ٹرائل جج نے حال میں جائزہ لیا ہے اور اس لئے مزید وقت عطا کیا جائے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس کے حکمنامہ مورخہ 15 اپریل کے ذریعہ اس نے پہلے ہی ایک ماہ کا وقت دیا تھا کہ ضمانت کی عرضیوں کی عاجلانہ یکسوئی ترجیحی طور پر اندرون ایک ماہ کردی جائے، جسے تب سے شمار کیا جائے جب اسپیشل جج جائزہ حاصل کریں۔ فاضل عدالت نے اپنے حکمنامہ میں کہا تھا کہ ماسوائے ملزم راکیش دھاوڈے جس پر مالیگاؤں دھماکہ سے قبل پربھنی اور جالنا میں اسی طرح کے دیگر معاملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے، مہاراشٹرا کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائمس ایکٹ (مکوکا) کی دفعات دیگر ملزمین کی ضمانت عرضیوں سے نمٹنے میں ملحوظ نہیں رکھی جائیں گی۔