مالس، سنیما، دوکانات کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کابینہ کی منظوری

نئی دہلی 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک مثالی قانون بناتے ہوئے دوکانات، مالس اور سنیما ہالس کے علاوہ دیگر اداروں کو سال بھر 24×7 کھلے رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ کابینہ نے آج اپنے اجلاس میں دوکانات اور ہوٹلوں، مالس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے قانون کو منظوری دے دی۔ اس قانون کے تحت ایسے اداروں کا احاطہ کیا گیا ہے جہاں 10 یا اس سے زائد ورکرس کام کرتے ہیں۔ مینوفیکچرنگ یونٹوں کے ماسوا تمام اداروں کو سال بھر 365 دن کام کرنے کی آزادی فراہم کی گئی ہے اس کے لئے اوقات کی سہولت بخش ترتیب کو ملحوظ رکھا جانا چاہئے۔ اس ماڈل قانون میں خواتین کے لئے بھی سہولت دی گئی ہے اور خواتین اب مناسب سکیورٹی کے ساتھ راتوں میں بھی کام کرسکتی ہیں۔ آجرین کے لئے چند شرائط رکھے گئے ہیں۔ ورکرس کے لئے پینے کا صاف پانی فراہم کرنا، کینٹن، فرسٹ ایڈ، بیت الخلاؤں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی، آجرین کی ذمہ داری ہوگی۔ ماڈل شاپس اینڈ اسٹابلشمنٹ (ریگولیشن آف ایمپلائمنٹ اینڈ کنڈیشن آف سرویس) بل 2016 ء کو کابینہ نے منظوری دے دی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ماڈل قانون کو پارلیمنٹ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی اس سے دوکانات اور دیگر تجارتی اداروں میں زائد روزگار پیدا کرنے کا موقع ملے گا اور تمام آجرین آزادی کے ساتھ اس سال سے گھنٹوں کام کرسکتے ہیں۔ اس کے لئے زیادہ سے زیادہ افرادی قوت کی ضرورت ہوگی۔ وزارت لیبر کی جانب سے پیش کردہ تجویز کے مطابق اس ماڈل 11 کو ریاستوں کی جانب سے بھی اختیار کیا جاسکتا ہے اور وہ ضرورت پڑنے پر اپنی سہولت اور تقاضوں کے مطابق اس قانون میں ترمیم کرسکتے ہیں۔