لین دین اور بے جا مانگ سے شادیوں میں رکاوٹ، کئی لڑکیاں بن بیاہی

خوشگوار زندگی کیلئے شادیوں سے قبل شعور بیداری کی ضرورت، رشتوں کے دو بہ دو پروگرام سے محمد تاج الدین و دیگر کا خطاب

حیدرآباد 21 اکٹوبر (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام 88 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام رائل ریجنسی فنکشن ہال آصف نگر میں آج منعقد ہوا جس میں والدین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد نے شریک ہوکر اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے لئے ایک دوسرے سے دو بہ دو بات چیت کی جس کے نتیجہ میں آج کئی والدین نے ایک دوسرے سے تعارف حاصل کیا۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ اُن کی اس ملاقات کے ذریعہ رشتے آپس میں طے ہوں گے اور جن والدین کے لڑکے اور لڑکیوں کے رشتے پروگرام میں طے ہوچکے ہیں۔ اُن کے لڑکے اور لڑکیاں خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔ آج کے پروگرام میں والدین کا یہ تاثر رہا کہ سماج و معاشرہ میں بڑھتے ہوئے لین دین اور بے جا مانگ کے نتیجہ میں کئی لڑکیاں بن بیاہی بیٹھی ہوئی ہیں۔ خصوصاً عقدثانی اور تاخیر سے ہونے والی شادیوں کے لئے جو والدین بے چین ہیں، اُنھوں نے بھی اس پروگرام سے مدد حاصل کی۔ جناب محمد تاج الدین ڈپٹی ڈائرکٹر انوسٹی گیشن لوک آیوکت حکومت تلنگانہ نے والدین پر زور دیا کہ لڑکے اور لڑکی کی شادی سے قبل اُن میں شعور کو بیدار کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ جب تک شعور اور حالات کے سمجھ و آگہی نہ ہو تو اُس وقت وہ شادی کے بندھن میں بندھنے کے باوجود اپنے اس رشتے کو مستحکم کر نہ پاسکیں گے۔ انھوں نے کہاکہ سیاست اور ملت فنڈ نے اس بات کو محسوس کرتے ہوئے پری میریج کونسلنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا ہے جس کے ذریعہ والدین اپنے لڑکے اور لڑکی کی شادی سے قبل خوشگوار ازدواجی زندگی اور بہتر تعلقات اسلامی طور پر مستحکم کرسکتے ہیں۔ موجودہ تناظر میں ماہر قانون، علماء کرام، مفتیان عظام کی نگرانی میں رہبری و رہنمائی کی جائے گی تاکہ وہ مستقبل میں خوشگوار زندگی گزار سکیں۔ ڈاکٹر سیادت علی نے کہاکہ مسلمانوں میں خوشگوار و خوشحالی کے لئے اصل سبب اُن کی محنت اور بیرون ممالک میں ملازمتیں ہیں لیکن اب وہاں پر موجود لوگ بڑی تعداد میں پریشان ہیں۔ اس لئے اگر مسلمان کلمہ توحید کی بنیاد پر ایک ہوکر لین دین کا خاتمہ، دنیا کے پیچھے نہ پڑنے کے بجائے توحید اور ایمانیات کو ترجیح دیں اس لئے کہ ہم بنیادی طور پر مسلمان ہیں اس کے باوجود مادہ پرستی اور بڑھتی ہوئی انانیت و لین دین کی طرف رجحان نے ہمیں اپنے ارادوں کو کمزور کردیا ہے۔ شہ نشین پر جناب الیاس باشاہ، محمد ناظم الدین، انورالدین، صالح بن عبداللہ باحاذق، شاہد حسین اور دوسرے موجود تھے۔ حسب سابق پروگرام کی طرح تعلیمی اعتبار سے کاؤنٹرس بنائے گئے تھے۔ انجینئرنگ کاؤنٹر پر انورالدین، شاہد حسین، میڈیسن کاؤنٹر پر ڈاکٹر دردانہ، ڈاکٹر سیادت علی، لطیف النساء، پوسٹ گریجویٹ کاؤنٹر پر سید ناظم الدین، الیاس باشاہ، لطیف النساء، رئیس النساء، گریجویشن کاؤنٹر پر صالح بن عبداللہ باحاذق، تسکین شاہانہ، ایس ایس سی و عالم و فاضل کاؤنٹر پر ثانیہ، شہناز، تاخیر سے شادی و معذورین کے کاؤنٹر پر ریحانہ نواز، عقدثانی کاؤنٹر پر کوثر جہاں کے علاوہ لڑکیوں کے رجسٹریشن کاؤنٹر پر امتیاز ترنم خان، فرحانہ بیگم، افسر بیگم جبین، تحسین، نسرین، آمنہ بیگم موجود تھے۔ اس کے علاوہ سوپر وائزنگ اسٹاف کی حیثیت سے محترمہ خدیجہ بیگم، خالد محی الدین اسد، فرزانہ، محی الدین، فریدہ بیگم اور ڈاکٹر ایوب حیدری نے انتظامات کی رہبری و رہنمائی کی۔ دو بہ دو پروگرام میں کمپیوٹر سیکشن بھی رکھا گیا جس میں والدین نے لڑکوں اور لڑکیوں کو کمپیوٹرس کی مدد سے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کا مشاہدہ کیا۔ 11 بجے دن رجسٹریشن کا آغاز ہوا اور یہ سلسلہ 4 بجے شام تک جاری رہا۔ لڑکیوں کے 260 اور لڑکوں کے 150 رجسٹریشن کروائے گئے اور فیس بُک آن لائن اور مشاہدہ کرنے والے 52 ہزار افراد ہیں۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈی نیٹر پروگرام نے بتایا کہ اس پروگرام میں خاصی تعداد نے شریک ہوکر استفادہ حاصل کیا جن کی رہبری و رہنمائی اور رجسٹریشن والینٹرس کی مدد سے کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ پروگرام کو ملک ہی نہیں بلکہ عالمی سطح تک راست ٹیلی کاسٹ کی یوٹیوب ، فیس بُک اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ سہولت مہیا کی گئی ہے اور جو تارکین وطن سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، کنیڈا، دوبئی، آسٹریلیا، ابوظہبی، شارجہ، قطر، جاپان، امریکہ، شارجہ اور یوروپی ممالک میں مقیم افراد نے اس پروگرام کو دیکھا اور اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست کو مبارکباد پیش کی اور آئندہ منعقد ہونے والے پروگرام میں اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر ایوب حیدری کی نعت شریف سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ پروگرام میں والدین اور سرپرستوں نے جناب ظہیرالدین علی خان سے ملاقات کرتے ہوئے اس کامیاب مشن پر اُنھیں مبارکباد دی اور اس اُمید کا اظہار کیاکہ یہ پروگرام بار بار منعقد کئے جائیں تو شادیوں کا مسئلہ آسان ہوجائے گا۔ آئندہ پروگرام 28 اکٹوبر ریگل کنونشن بنڈلہ گوڑہ حیدرآباد میں 10 بجے دن تا 4 بجے شام منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ جناب شاہد حسین نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انتظامیہ دو بہ دو پروگرام نے مالکین رائل ریجنسی گارڈنس جناب سعید بن محمد القعیطی، جناب فیصل بن علی القعیطی اور امجد حسین سے اظہار تشکر کیا۔ قاری الیاس باشاہ کی قرأت سے پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔