لیلتہ القدر ایمان والوں کے لیے بخشش والی رات

بزم رحمت عالم کے جلسہ شب قدر سے مولانا توصیف رضا قادری اور شمیم الزماں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( راست ) : قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ رمضان المبارک میں ہم نے ایک ایسی رات امت مسلمہ کو عنایت کی ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے یہی وہ عظیم رات ہے جسے لیلتہ القدر کہا جاتا ہے یہی وہ رات ہے جس میں قرآن مجید کا نزول ہوا ۔ قرآن مجید ایک ایسی عظیم آسمان کتب ہے جس میں رب تعالیٰ نے ساری انسانیت کی رہبری و رہنمائی کے لیے ہر چیز بیان فرما دی ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد توصیف رضا خاں قادری بریلی شریف نے کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ شب قدر سے کیا جو قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پر منعقد ہوا ۔ جلسہ کی صدارت صدر بزم جناب ایم اے مجید ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے کی ۔ قبل ازیں جلسہ کا آغاز حافظ و قاری ہارون نقشبندی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ جناب اسد اللہ شریف نقشبندی ، حافظ عاقب نقشبندی اور حافظ سید آصف انواری نے بارگاہ رسالت مآب ؐ میں ہدیہ تشکر پیش کیا ۔ مولانا شمیم الزماں قادری ( بنگال ) نے کہا کہ قرآن مجید ایک ایسی جامع کتاب ہے جس میں انسانوں کی بھلائی کی تمام چیزیں پوشیدہ ہیں ۔ مولانا نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کو سب سے پہلے قرآن مجید کی تعلیم دیں جس سے ان کے قلوب ایمانی حرارت سے لبریز ہوجائیں اور وہ دین متین کی راہ کو مضبوطی سے پکڑے رہیں ۔ مولانا ابصار عالم نے کہا کہ قرآن مجید کا نزول انسانیت کی رہبری اور جہالت کا خاتمہ کے لیے ہوا ۔حافظ محمد مظفر خاں بندہ نوازی نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا رضا اللہ قادری نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ شہ نشین پر مولانا صلاح الدین نظامی ، مولانا محمد عبدالنور قادری ، مولانا سید شاہ محمود اسد اللہ صدیقی موجود تھے ۔ مسرز جی ایم معراج اور حافظ ساجد قادری نے انتظامات میں حصہ لیا ۔ مولانا محمد توصیف رضا خاں قادری نائب سجادہ نشین خانقاہ عالیہ رضویہ درگاہ اعلیٰ حضرت بریلی شریف نے مسلمانوں کی جان و مال کے تحفظ ، شام ، فلسطین ، عراق اور برما کے مظلوم مسلمانوں کے علاوہ مسلمانوں کی دین و دنیاوی میں سرخروی کے لیے دعا کی ۔ فرزندان توحید کے لیے قلی قطب شاہ گراونڈ پر سحر کا انتظام کیا گیا تھا ۔۔