لوک سبھا میں راجیہ سبھا کی سفارشات مسترد ، آدھار بل منظور

نئی دہلی ۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا کی پانچ ترمیمات اور اپوزیشن کی جلد بازی کا مظاہرہ نہ کرنے کی اپیل یکسر مسترد کرتے ہوئے لوک سبھا میں آدھار بل منظور کرلیا گیا جس کا مقصد سبسیڈی اسکیمات کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانا ہے۔ راجیہ سبھا کی جانب سے یہ بل واپس کئے جانے کے اندرون چند گھنٹے لوک سبھا میں ندائی وٹ سے منظور کرلیا گیا۔ ایوان میں آدھار (مالیاتی و دیگر سبسیڈی، فوائد اور خدمات کو مقررہ نشانہ تک پہنچانا) بل 2016ء پیش کرتے ہوئے حکومت نے اسے رقمی بل قرار دیا اور کہا کہ راجیہ سبھا اس میں ترمیم نہیں کرسکتی بلکہ ترمیم کیلئے لوک سبھا سے سفارش کرسکتی ہے۔ ایک مرتبہ یہ رقمی بل راجیہ سبھا کی ترمیمات کی سفارش یا اس کے بغیر لوک سبھا میں منظور کرلیا جائے تو اسے دونوں ایوان میں منظور تصور کیا جائے گا۔ حکومت نے اس کی منظوری کے معاملہ میں انتہائی جلد بازی کا مظاہرہ کیا کیونکہ لوک سبھا میں اسے بھاری اکثریت حاصل ہے۔ چنانچہ راجیہ سبھا سے یہ بل واپس ہوتے ہی اندرون چند گھنٹے اسے لوک سبھا میں منظور کرلیا گیا۔ وزیرفینانس ارون جیٹلی نے اپوزیشن کی یہ دلیل بھی مسترد کردی کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیردوران ہے اور پارلیمنٹ قانون سازی نہیں کرسکتی۔