لندن میں دہشت گرد حملوں کیلئے میئر ذمہ دار : ٹرمپ

بلینچم پیالیس ۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کا) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اس وقت برطانیہ کے
دورہ پر ہیں جہاں وہ بروسلز میں منعقدہ ناٹو اجلاس میں شرکت کے بعد پہنچے ہیں لیکن ایسا معلوم ہوتا ہیکہ موصوف خود کو امریکہ میں تصور کررہے ہیں حالانکہ لندن میں ان کی آمد کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے لیکن ان کی مہمان نوازی اور خیرمقدم میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی گئی لیکن ان کی خیرمقدمی تقریب اس وقت ماند پڑ گئی جب انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو بھلا برا کہا اور دہشت گرد حملوں کے لئے لندن کے میئر کو موردالزام ٹھہرایا اور یہ بھی کہا کہ تارکین وطن کی آمد سے یوروپ اپنی شناخت کھوتا جارہا ہے۔ سن نیوز پیپر کو ایک انٹرویو کے دوران جو انہوں نے بروسلز سے برطانیہ روانہ ہونے سے قبل دیا تھا، کہا کہ ان کے خلاف لندن میں جو احتجاجی مظاہرے کئے گئے اس کی وجہ سے انہیں لندن آمد پر ’’مان نہ مان میں تیرا مہمان‘‘ کا احساس ہوا۔