لبنانی عیسائی پادری کا بحران کے دوران سعودی عرب کا سفر

بیروت ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک اعلیٰ سطحی لبنانی عیسائی مذہبی شخصیت سعودی عرب کیلئے روانہ ہونے والی ہے جہاں توقع ہیکہ وہ لبنان کے وزیراعظم سے ملاقات کریںگے جنہوں نے جاریہ ماہ مملکت میں ایک ٹیلی ویژن خطاب کے دوران ہی اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کرکے سب کو حیرت زدہ کردیا تھا۔ کارڈینل بیچارہ ایلرائے نے 4 نومبر کو سعد حریری کے استعفیٰ کے اعلان سے قبل ہی دورہ کا منصوبہ بنا لیا تھا۔ یاد رہیکہ سعد حریری کے اعلان کے بعد ہی لبنان میں زبردست سیاسی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ ایلرائے لبنانی عیسائیوں کے میرونائٹ مسلک اور مشرقی وسطیٰ کے اعظم ترین گرجاگھر کی قیادت کرتے ہیں۔ موصوف آج بیروت سے روانہ ہوں گے۔ سعدالحریری نے کل کہا تھاکہ وہ عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے ساتھ پائے جانے والے مسائل کی یکسوئی کیلئے لبنان واپس آئیں گے۔ حزب اللہ اتحادی حکومت میں ان کا حریف ہے۔