لالو پرساد کے فرزند تیجسوی یادو بہار اسمبلی میں آر جے ڈی لیڈر

پٹنہ ، 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لالو پرساد کے فرزند اور ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو کو آج نئی بہار اسمبلی میں آر جے ڈی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر نامزد کیا گیا، اور اس فیصلے کو بی جے پی نے ’’خاندانی سیاست کا کھلا مظاہرہ‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ لالو پرساد جنھیں قبل ازیں اس فیصلے کیلئے آر جے ڈی لیجسلیچر پارٹی کی جانب سے مجاز قرار دیا گیا تھا، انھوں نے اسمبلی میں پارٹی کے باوقار عہدہ کیلئے ویشالی کی راگھوپور نشست سے پہلی مرتبہ منتخب ہونے والے ایم ایل اے تیجسوی یادو کو نامزد کردیا، اُن کے قریبی مددگار اور رکن اسمبلی بھولا یادو نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ یہ بات بتائی۔ آر جے ڈی سربراہ کی اہلیہ رابڑی دیوی دو ایوان والے مقننہ کی لیجسلیچر پارٹی کی قیادت کریں گی۔ جہاں تیجسوی یادو ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر ہیں، وہیں رابڑی دیوی ریاستی قانون ساز کونسل کی ممبر ہیں۔تیجسوی کا تقرر آر جے ڈی سربراہ کی ایسی کوششوں کو اجاگر کرتا ہے کہ اپنے چھوٹے فرزند کی اپنا وارث بننے کیلئے رہبری کی جائے۔ تاہم تیجسوی کے تقرر پر اپوزیشن بی جے پی نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔  نئے لیجسلیچر پارٹی لیڈر پریم کمار نے اسے لالو دور کی خاندانی حکمرانی کا تسلسل قرار دیا۔