لارڈ گنیش کی آہانت ‘ رام گوپال ورما کے خلاف مقدمہ

حیدرآباد ۔ 31 ؍ اگسٹ (پی ٹی آئی) حیدرآباد سٹی پولیس نے بالی ووڈ کے فلمساز رام گوپال ورما کے خلاف لارڈ گنیش کے بارے میں ان کے تبصروں کے ذریعہ مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ۔ شہر کے ایک وکیل کے کرونا ساگر نے سرورنگر پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت پیش کرتے ہوئے رام گوپال ورما کی جانب سے لارڈ گنیش کے ضمن میں سلسلہ وار ٹیوٹر پیغامات پر ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی درخواست کی تھی ۔ سرورنگر کے پولیس انسپکٹر وی نوین ریڈی نے کہا کہ اس ضمن میں قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد پولیس نے شکایت پر کارروائی کی اور رام گوپال ورما کے خلاف ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی دفعات 298, 504, 505 153-A, کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس پر مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ ہندووں کے ہاتھی نما دیوتا لارڈ گنیش کے بارے میں رام گوپال ورما نے 29؍ اگسٹ کو ٹیوٹر پر سلسلہ وار پیغامات میں مختلف تبصرے کرتے ہوئے ایک تنازعہ کھڑا کر دیا تھا ۔ 52 سالہ ہندی فلمساز و ہدایت کار رام گوپال ورما نے ہندو دیوتا کی جسمانی شکل کا مذاق اڑانے کے خلاف یہ سوال بھی کیا تھا کہ لارڈ گنیش کس طرح اپنے بھکتوں کے راستے سے مصیبتیں دور کرسکتے ہیں ۔ ٹیوٹر پیغامات پر پیدا شدہ ہنگامہ کھڑا ہوجانے کے بعد انہوں نے اس ویب سائیٹ سے رجوع ہو کر معذرت خواہی کی تھی ۔ واضح رہے کہ ممبئی میں مہاراشٹرا نونرمان سینا کے سمیت کھامبیکر اور ایک سماجی کارکن شہزاد پونا والا نے بھی رام گوپال ورما کے خلاف الگ الگ شکایت درج کرائی تھی اور ان پر ہندووں کے جذبات مجروح کرنے کا الزام عائد کیا تھا ۔