قیام تلنگانہ کے بعد مردم شماری کئی اعتبار سے کارآمد

جگتیال میں جائزہ اجلاس سے جوائنٹ کلکٹر کا خطاب

جگتیال ۔ 9 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جوائنٹ کلکٹر بی راجیشم نے چھوٹے آبی وسائل کے اعداد و شمار پر ضلعی، تعلقات اور ڈیویژن سطح کے عہدیداران کے ہمراہ آئی ایم اے ہال میں ایک اجلاس کا انعقاد عمل میں لاکر کہا کہ موجودہ حالات میں آبی وسائل کے اعداد و شمار کا حصول مستقبل کی منصوبہ بندی میں بے حد کارآمد ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد کی گئی مردم شماری کئی اعتبار سے کارآمد ثابت ہوئی جیسے مختلف سرکاری اسکیمات سے مستفید ہونے والے مسحقین کی تعداد کا پتہ لگایا گیا۔ اس اعداد و شمار کے ذریعہ مشن بھگیرتا کیلئے اور مختلف اسکیمات کو مسحقین تک پہنچانے میں کارآمد ثابت ہوگا۔ پانی ہر جاندار کی ضرورت ہے لہذا پانی کو آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ پانی کی سربراہی کیلئے حکومت نے اس سروے کی تربیتی پروگرام کا اہتمام عمل میں لایا ہے۔ مردم شماری کی طرح اس اعداد و شماری کو بھی ترتیب دیا جائے۔ اس سروے میں چھوٹے آبی وسائل کے تحت پانی کی دستیابی، پانی کا استعمال، زیرزمین آبی وسائل کی موجودگی پر اعداد و شمار اکھٹا کئے جائیں۔ اکٹھا کئے گئے اعداد و شمار کے اعتبار سے مستقبل کی آبی سربراہی سے متعلق منصوبہ بندی عمل میں لائی جائے گی لہذا ہر فرد صحیح اعداد و شمار حاصل کرنے کی کوشش کرے۔ گزشتہ کئے گئے سروے کے مطابق 709 تالابوں کی مشن کاکتیہ کے ذریعہ ترقی کی گئی۔ ضلع کی ترقی کا انحصار آپ کی پیش کی گئی رپورٹ پر منحصر ہوگا۔ اس سروے میں حصہ لینے والا ہر شخص صحیح اعداد و شمار پیش کرنے کیلئے دلچسپی سے کام کرے۔اس موقع پر منصوبہ بندی کے عہدیدار ملکارجن، ضلعی عہدیدار برائے محکمہ سمکیات پرتاپ سنگھ اور تحصیلداران و میونسپل کمشنروں اور دیگر نے شرکت کی۔