قبائلیوں کا احتجاج 22گھنٹے کے بعد ختم ، ہوڑہ اور دیگر اسٹیشنوں پر ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا

کلکتہ۔25۔ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام )قبائلی برادری ”ماجھی مروا کمیونیٹی” نے کل دیر رات 2بجے کے قریب کھڑکپور اور ٹاٹا نگر ریلوے لائن کے درمیان ریلوے ٹریک پر دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے تاہم اس کے باجوجود ٹرینوں کا شیڈول ابھی صحیح نہیں ہوا ہے ۔اب بھی درجنوں ٹرین تاخیر کا شکار ہے اور کئی ٹرینوں کے راستوں کو تبدیل کردیا گیا ہے ۔اس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ بھارت جگت ماجھی پرگنہ محل اور دیگر سنتھالی تنظیموں نے کل سوموار کو صبح کو سنتھالی زبان کی تعلیم اور اس کیلئے اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خصوصی شعبہ قائم کرنے اور اساتذہ کی بحالی کے مطالبے کھڑکپور اور ٹاٹا نگر کے درمیان متعدد مقامات پر ریل روکو تحریک شروع کی تھی ۔منگل کے دن بھونیشور میں ریلوے میں بحالی کیلئے امتحانات ہونے والے تھے ۔مگر احتجاج کی وجہ سے ہزاروں امیدوار شریک نہیں ہوسکے ۔ تاہم ریلوے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امتحان میں شریک نہیں ہونے والوں کیلئے دوبارہ امتحان منعقد کیا گیا جائے گا۔ریلوے کے مطابق درجنوں ٹرین کو رد کردیا گیا تھا ۔ٹرین بروقت نہیں پہنچنے کی وجہ سے ہوڑہ اسٹیشن پر ہزاروں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔جنوب مشرقی ریلوے اسٹیشن کے مطابق ہوڑہ سے کھلنے والی کئی ٹرینوں کے راستے کو تبدیل کردیا گیا۔22گھنٹے تک احتجاج کی وجہ سے پورا شیڈول بگڑ گیا ہے ۔اور کئی ٹرینوں کو رد کردیا گیا ہے جس میں ہوڑہ۔ پوری دھولی ایکسپریس، ہوڑہ باربل جن شتابدی ایکسپریس، سنترہ گاچھی ۔پرولیا روپاشی بنگلہ ایکسپریس ، ہوڑہ اسپات ایکسپریس، شالیمار بوجھودی ایکسپریس، ہوڑہ پوری لاماتی ایکسپریس شامل ہے ۔اس کے علاوہ ہوڑہ ممبئی دورنتو ایکسپریس کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے ۔یہ آسنسول ہوکر جائے گی ۔اس کے علاوہ کئی اور ایکسپریس ٹرین کے روٹ تبدیل کئے گئے ہیں ۔ریلوے ذرائع کے مطابق آج صبح سے ہی تمام سیکشن میں ٹرینوں کی آمد ورفت شروع ہوگئی ہے ۔