قانون کی پاسداری ہر ایک کیلئے ضروری

نارائن پیٹ /30 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرکل انسپکٹر آف پولیس نارائن پیٹ مسٹر رویندر پرساد کی نگرانی میں سٹیزنس کلب میں ایک امن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں سب انسپکٹر مسٹر یلادری کے علاوہ وی ایچ پی ، بی جے پی دیگر سیاسی جماعتوں اور مسلم قائدین چکن و مٹن شاپس مالکین ، مٹن و بیف شاپس مالکین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر مسٹر رویندر پرساد نے ایک طرف مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہوئے دودھ دینے والے جانوروں جیسے گائے ، بھینس کی قربانی نہ کریں اور جانوروں کی منتقلی کے وقت ان کا پورا خیال رکھیں اور کسی قسم کی تکلیف ہونے نہ دیں ۔ دو اکٹوبر گاندھی جینتی کے دن گوشت فروخت نہ کرنے کی انہوں نے چکن ، مٹن اور بیف شاپس مالکین کو ہدایت کی ۔ دوسری طرف VHA بی جے پی ، قائدین سے بھی کہا کہ وہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں ۔ اگر غیر قانونی طور پر گائے کی قربانی یا پھر منتقلی کی جارہی ہے تو پولیس کو اطلاع دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ویسے پولیس کی جانب سے کرناٹک سرحد پر چیک پوسٹ قائم کیا گیا ہے جہاں پر سختی سے دودھ دینے والے بڑے جانوروں پر نطر رکھی گئی ہے ۔ اجتماعی قربانی کے مقام ( مسلخ ) کے پاس بھی سرکاری وٹرنری ڈاکٹر کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ پولیس کا بھی وہاں بندوبست کیا جائے گا ۔ اس اجلاس میں دسہرہ و بقر عید کو پرامن طور پر منان کی سرکل انسپکٹر نے اپیل کی ۔