’’فیک نیوز‘‘ سال 2017ء کا مقبول ترین لفظ

لندن ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فیک نیوز (جھوٹی خبر) ایک ایسی مقبول اصطلاح بن گئی ہے جسے عام کرنے میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اہم رول ادا کیا کیونکہ ان کے صدارتی مہمات کے دوران اور بعدازاں صدر بننے کے ابتدائی ایام میں میڈیا کے ساتھ ان کے ناخوشگوار تعلقات کے بارے میں ہر خاص و عام کو پوری معلومات ہے لہٰذا دنیا بھر میں اس لفظ کے استعمال کے بعد کولینس ڈکشنری نے اسے ’’ورڈ آف دی ایئر‘‘ (سال کا اہم ترین لفظ) قرار دیا ہے۔ لندن میں مقیم لیکسیوگرافر نے نے یہ دریافت کیا کہ لفظ ’’فیک نیوز‘‘ کو گذشتہ ایک سال کے دوران 365 فیصد تناسب حاصل ہوا جسے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ذریعہ 2016ء میں صدارتی انتخابات کی مہم چلانے کے دوران سب سے زیادہ استعمال کیا گیا کیونکہ میڈیا سے وہ جس طرح کے کوریج کی توقع کررہے تھے، میڈیا ان توقعات پر پورا نہیں اترا۔ دوسرے نمبر پر ’’بریگزیٹ‘‘ لفظ رہا جو 2016ء کے ریفرنڈم کے دوران بہت زیادہ استعمال ہوا جس کے ذریعہ یو کے کی یوروپی یونین سے اخراج کی راہ ہموار ہوگئی۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں بھی فیک نیوز کے بارے میں کہا تھا کہ یہ اب امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کی تحقیقات میں ’’اوورٹائم‘‘ بھی کررہا ہے۔