فرنچ ٹینس فیڈریشن اور آل انڈیا ٹینس اسوسی ایشن میں معاہدہ

نئی دہلی ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں آج ٹینس کیلئے اہم دن رہا جو فرنچ ٹینس فیڈریشن (ایف ایف ٹی) یعنی فرنچ اوپن ( رولینڈ گیروس ) کے آرگنائزر اور آل انڈیا ٹینس اسوسی ایشن (آیٹا) کے درمیان ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کی وجہ سے یاد رہے گا۔ اس معاہدہ کا مقصد ہندوستان میں ٹینس کے ترقیاتی عمل میں جدت پیدا کرنا اور جونیر ٹیلنٹ کو آگے بڑھانا ہے۔ ’رینڈیوو اے رولینڈ گیروس‘ کی یہ دستخطی تقریب پیرس میں 2015ء فرنچ اوپن جونیر ٹورنمنٹ کیلئے وائلڈ کارڈ کا موقع فراہم کرنے والے جونیر ٹورنمنٹ ’Longines‘ کے ساتھ شراکت میں منعقد کی گئی۔ دستخط کے وقت سفیر فرانس برائے ہند فرانکوئی ریچیئر و دیگر اہم شخصیتیں موجود تھے۔ یہ ہندوستانی جونیر کھلاڑیوں کیلئے منفرد موقع ہے کہ گرانڈ سلام کے ماحول سے استفادہ کریں اور پیرس کے سرخ کلے کورٹ کے منفرد کلچر کا بہ ذات خود جائزہ لیں۔ یہ ٹورنمنٹ یکم تا 4 اپریل دہلی جمخانہ کلب میں منعقد کیا جائے گا۔ اس میں ٹاپ 16 لڑکے اور لڑکیاں (انڈر ۔ 18) واحد اخراج والے ٹورنمنٹ میں مقابلہ کریں گے۔ یہ میچز بسٹ آف تھری ٹائی بریک سٹس میں ہوں گے۔ باوقار وائلڈ کارڈ کیلئے چین، برازیل اور ہندوستان کے نوجوان مسابقت کریں گے۔