فرانس کے ساتھ ہندوستان کے کافی پرانے اور وسیع دفاعی تعلقات ہیں:سشما سوراج

وزیر خارجہ سشما سوراج اور ہندوستان کے دورے پر آئے فرانس کے وزیر دفاع جین ایف لے دائن نے یہاں ایک اہم میٹنگ کے بعد دہشت گردی کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے سے اتفاق کیا۔ فرانسیسی وزیر دفا ع کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں محترمہ سوراج نے کہا کہ ’’ ہندوستان کے فرانس کے ساتھ دفاعی تعلقات کافی قدیم ہیں اور یہ بہت وسیع ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی میٹنگ میں دفاعی پروڈکشن میں مشترکہ مینوفیکچرنگ کے ساتھ ساتھ کئی دیگر امور پربھی تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کے گذشتہ اکتوبر میں فرانس کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملک دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے تئیں عہد بند ہیں۔

ہندوستان میں فرانس کے سفیر الیگزنڈر جگلر نے ایک ٹوئٹ کرکے کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان نہایت تعمیری میٹنگ ہوئی ۔ فرانس کا ماننا ہے کہ ہندوستان کا طاقت ور ہونا دنیا کے مفاد میں ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی پر پیرس میں ہونے والی میٹنگ اور مستقبل میں اقو ام متحدہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی کافی اہمیت رہے گی۔

وزار ت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بھی کہا کہ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اسٹریٹیجک پارٹنرشپ میں اضافہ کرنے ، ہند بحرالکاہل خطہ، سول نیوکلیائی تعاون ، دفاع، سلامتی ، خلاء، تجارت اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی۔

گذشتہ چھ ماہ میں دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان یہ دوسری باہمی ملاقات ہے۔ ان کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح پر خیالات کا تبادلہ کے عمل کو جاری رکھنا ہے۔