فرانس میں چاقو کے حملہ سے ایک ہلاک،5 زخمی

پیرس ،13مئی(سیاست ڈاٹ کام )فرانس کے دار الحکومت پیرس میں ایک شخص نے چاقو سے حملہ کرکے ایک شخص کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کردیا،زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے ۔ فرانسیسی پولیس نے ملزم کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور اللہ اکبر کے نعرے لگا رہا تھا۔ واقعہ کی دہشت گردی کے تناظر میں تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔دوسری جانب داعش نے حملہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے ۔فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ آزادی کے دشمنوں کے آگے ہار نہیں مانیں گے ۔ فرانس نے ایک بارپھر آزادی کے لیے دیے گئے خون کی قیمت چکائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کو مارنے والے پولیس افسران کو فرانسیسی عوام کی جانب سے سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت کے افراتفری پھیل گئی اور گلیوں سے لوگ ریستورانوں میں پناہ لینے کے لیے گھس گئے ۔’فرانس- 24 ‘نے عینی شاہدین کے حوالہ سے بتایا ہے کہ پولیس نے پہلے ٹیزر گن کے ذریعے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس میں ناکامی پر دو گولیاں مار کر اسے ہلاک کر دیا۔پولیس نے حملے کے بعد عوام سے درخواست کی ہے کہ افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے ۔ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ صرف مصدقہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کو شیئر کیا جائے ۔