غیر کارکرد اثاثے کانگریس حکومت کی بدعملی کا نتیجہ : امیت شاہ

جئے پور 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی سربراہ امیت شاہ نے صدر کانگریس راہول گاندھی کو بینک قرضوں اور غیر کارکرد اثاثہ جات (این پی ایز) کا مسئلہ انتخابی ریالیوں میں اُٹھانے پر آج نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ سابقہ کانگریس زیرقیادت حکومت کی بداعمالیوں کا نتیجہ ہیں۔ اُنھوں نے ضلع ناگور کے کچامن سٹی میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس حکومت کے دوران بدعنوان طریقوں کے ذریعہ جو قرضے دیئے گئے وہ این پی اے میں تبدیل ہوگئے۔ یہ وہ قرضے نہیں جو نریندر مودی حکومت نے دیئے۔ یہ کانگریس حکومت کی غلط کاریوں کا نتیجہ ہیں۔ اخبار انڈین اکسپریس کی جانب سے اپنے صفحہ اول پر شائع شدہ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے الزام عائد کیاکہ نہرو ۔ گاندھی فیملی کے داماد نے ایک بڑی کمپنی کو ہزارہا کروڑ روپئے کا قرض منظور ہونے کے بعد کمیشن وصول کئے تھے۔