عوام گجرات میں بی جے پی کو سبق سکھائیں گے : کانگریس

نئی دہلی، 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سماج کو تقسیم کرکے ووٹ بینک کی سیاست کر رہی ہے اور گجرات اسمبلی انتخابات میں عوام اسے سبق سکھائے گی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ بی جے پی کو آئین سے کچھ لینا دینا نہیں ہے اور اس کے لیڈر اشتعال انگیز زبان کا استعمال کرکے معاشرے کو تقسیم کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 سال تک اس نے گجرات کے عوام کو دھوکہ دیا ہے اور ذات پات کو تقسیم کرنے کی سیاست کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گجرات میں اس کے خلاف اپوزیشن محاذ کی شروعات ہو گئی ہے اور انہیں لگتا ہے کہ یہ مورچہ بی جے پی کو سبق سکھا دے گا۔