عمران خان کی حلف برداری میںشرکت کیلئے سدھو پاکستان پہونچے

میں محبت کا پیام لایا ہوں اور خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے آیا ہوں ۔ سابق کرکٹر کا بیان

لاہور 17 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹر سے سیاستدان بننے والے نوجوت سنگھ سدھو آج اپنے دوست عمران خان کی بحیثیت پاکستان وزیر اعظم حلف برداری میں شرکت کیلئے لاہور پہونچ گئے ۔ وہ نیلے سوٹ اور گلابی پگڑی میں واگھار سرحد کے ذریعہ یہاں پہونچے اور یہاں سے وہ کل عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے اسلام آباد روانہ ہونگے ۔ سدھو نے یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے روایتی شاعرانہ انداز ہی اختیار کیا ۔ انہوں نے پاکستان کی جمہوریت میں آئی ’ تبدیلی ‘ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ عمران خان کو دونوں ممالک کے مابین قیام امن کیلئے پہل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان سے محبت کا پیام لائے ہیں اور پاکستانیوں کیلئے خیرسگالی سفیر کی حیثیت سے یہاں پہونچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک سیاستدان کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک دوست کی حیثیت سے پاکستان آئے ہیں۔ وہ اپنے دوست عمران خان کی خوشیوں میںشریک ہونے یہاں آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اور فنکار دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے سے قریب لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ہند اٹل بہاری واجپائی بھی دونوںملکوںکے مابین دوستی اور امن کی بات کرتے تھے ۔ واجپائی کا کل انتقال ہوگیا تھا ۔ انہوں نے واجپائی کے اس جملے کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر پڑوسی کے گھر میں آگ لگی ہوتو اس کی تپش ہم بھی محسوس کرتے ہیں۔ عمران خان کی صلاحیتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے سدھو نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو اپنی کمزوریوں کو اپنی طاقت میں بدلتے ہوئے دیکھا ہے ۔ وہ عمران خان کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ اپنے ملک کیلئے خوشحالی کی علامت بن جائیں۔ عمران کیلئے تحفہ لانے سے متعلق سوال کے جواب میں سدھو نے کہا کہ وہ خان صاحب کیلئے ایک کشمیری شال لائے ہیں۔ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں سابق ہندوستانی کرکٹرس سنیل گواسکر اور کپل دیو نے شخصی مصروفیات کی بنا پر پاکستان آنے سے معذوری کا اظہار کرلیا تھا ۔ ان دونوںکو بھی عمران نے تقریب حلف برداری کیلئے مدعو کیا تھا ۔سدھو نے تاہم یہ دعوت نامہ قبول کرلیا تھا اور وہ پاکستا ن پہونچ گئے ہیں۔