عمران خان وزیراعظم پاکستان منتخب

رائے دہی میں شہباز شریف کو شکست ، آج حلف برداری

اسلام آباد ۔ 17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی قومی اسمبلی نے کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان کو پاکستان کا آئندہ وزیراعظم منتخب کرلیا۔ یکطرفہ مقابلے میں عمران خان نے پی ایم ایل (این) صدر شہباز شریف کو شکست دیدی۔ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کی گئی رائے دہی محض رسم ادا کرنے کیلئے منعقد کی گئی کیونکہ یہ بات تقریباً یقینی تھی کہ عمران خان ہی پاکستان کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔ عمران خان کو 176 ووٹس ملے جبکہ شہباز شریف کو صرف 96 ووٹس حاصل ہوئے۔ عمران خان کل وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ یاد رہیکہ 342 رکنی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں حکومت تشکیل دینے کیلئے 172 ووٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم کے عہدہ کیلئے اپنا امیدوار کھڑا کرنے میں اپوزیشن اتحاد کمزور پڑگیا تھا اور پی ایم ایل (این) قائد شہباز شریف کی امیدواری کو لیکر اپوزیشن اتحاد میں اتفاق رائے نہ ہوسکا تھا۔ اسپیکر کے دفتر میں ان کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔ یاد رہیکہ 25 جولائی کو منعقدہ انتخابات میں عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف واضح اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوئی تھی۔ 9 آزاد امیدواروں کے لمحہ آخر میں پارٹی کے ساتھ شامل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کی عددی قوت 158 ہوگئی جب خواتین کیلئے مختص 60 نشستوں کے منجملہ 28 نشستیں اور اقلیتوں کیلئے مختص 10 نشستوں کے منجملہ پانچ نشستیں اسے الاٹ کردی گئیں۔ پی ٹی آئی کو چھوٹی پارٹیوں جیسے متحدہ قومی موومنٹ (7 نشستیں، بلوچستان عوامی پارٹی (5 نشستیں)، بلوچستان نیشنل پارٹی (4 نشستیں)، پاکستان مسلم لیگ (3 نشستیں)، گرانڈ ڈیموکریٹک ایلائنس (3 نشستیں) اور عوامی لیگ اور جمہوری وطن پارٹی سے ایک ایک نشست کی تائید حاصل ہے۔