عدم رواداری کیخلاف جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ

وزیراعظم کی خاموشی پر تنقید ، متعدد یوتھ کانگریس کارکن گرفتار
نئی دہلی۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں مبینہ بڑھتی ہوئی عدم رواداری کے خلاف احتجاج کیلئے جنتر منتر پر سینکڑوں یوتھ کانگریس کارکن جمع ہوئے تھے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ انہوں نے اس مسئلہ پر وزیراعظم سے اپنی خاموشی توڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرنے کیلئے پیش قدمی جاری رکھی جنہیں پولیس نے روک لیا اور آبی پچکاریوں کا استعمال کرتے ہوئے درمیانی راستہ میں منتشر کردیا، لیکن پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں ایوان کا گھیراؤ کرنے کے عہد پر مصر 250 سے زائد یوتھ کانگریس کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ قبل ازیں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جیوتر آدتیہ سندھیا نے ان کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی کے وزراء اور ارکان پارلیمان غیرذمہ دارانہ تبصرے کررہے ہیں۔ آسام کے گورنر نے کہا تھا کہ ہندوستان ، ہندوؤں کا ہے ، مسلمان پاکستان چلے جائیں، ایسے بیانات سے عدم رواداری میں خطرناک اضافہ ہوا ہے۔