عادی رہزن ممبئی میں گرفتار

ملزم کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹس، ساؤتھ زون ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے ایک عادی رہزن جس کے خلاف کئی غیر ضمانتی وارنٹس زیرالتواء تھے کو ممبئی سے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 34 سالہ میر سجاد علی ساکن کالی کمان پنجہ شاہ جو 85 سے زائد طلائی چین رہزنی کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ہے، ممبئی منتقل ہوکر اندھیری ایسٹ مارویل پائپ لائن علاقہ میں مقیم تھا۔ میر سجاد علی نے سابق میں حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ میں اپنے ساتھیوں شیخ سلیم، محمد احد اور سید عبدالمجید کے ساتھ راہ چلتی خواتین کو مبینہ طور پر نشانہ بناتے ہوئے اُن کے طلائی زیورات چھین لیا کرتا تھا۔ 20 مئی 2014 ء کو سجاد علی کو ایس آر نگر پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے اُسے جیل بھیج دیا تھا لیکن وہ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد ممبئی منتقل ہوگیا اور وہ وہاں پر کار ڈرائیونگ کرنے لگا۔ طویل عرصہ سے عدالتوں میں غیر حاضر ہونے کے نتیجہ میں سجاد علی کے خلاف 50 ضمانتی وارنٹس جاری کئے گئے تھے۔ ساؤتھ زون ٹاسک فورس نے اُس کا پتہ لگاتے ہوئے اُسے گرفتار کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کے حوالہ کردیا۔