عادل رشید کو موقع دیں، مائیکل وان کی سفارش

لندن ، 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے ملک کے شمالی علاقہ یارکشائر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد لیگ اسپنر عادل رشید کے بارے میں کہا ہے کہ وہ ’میچ ونر‘ ہیں اور انھیں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں موقع دیا جانا چاہئے تھا۔ انگلینڈ کا ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹسٹ میچ آج شروع ہورہا ہے۔ پہلا ٹسٹ ڈرا ہوگیا تھا ۔ وان نے ایک برطانوی ٹی وی چیانل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’عادل دن میں چار بولنگ اسپل کریں گے اور ان میں سے ڈھائی اسپل کسی کام کے نہیں ہوں گے، لیکن ان کے ڈیڑھ اسپل بہت خاص ہوں گے، اور یہی وجہ ہے کہ انھیں ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے‘‘۔ دوسری طرف سابق انگلش لیگ اسپنر گرائم سوان کا کہنا ہے کہ عادل گوگلی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور جو بیٹسمین نمبر آٹھ کے بعد بیٹنگ کرنے آتے ہیں وہ گوگلی نہیں کھیل سکتے۔ ’’میں یہ اپنے ذاتی تجربے سے بتا رہا ہوں۔ اور انگلینڈ کے میدان سوکھے ہیں۔ یہاں کی پچیں بالکل خشک ہیں۔ ہمیں ایشز میں دو اسپنروں کی ضرورت پڑے گی۔ اور یہ بہترین موقع ہے جہاں ہم یہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ عادل دوسرا سپنر بن سکتا ہے یا نہیں‘‘۔ مائیکل وان کا ماننا ہے کہ 27 سالہ عادل اگر پہلے ٹسٹ میں کھیلتا تو انگلینڈ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو آخری دن آؤٹ کر کے میچ جیت سکتی تھی۔ گرینیڈا میں پچ اسپن بولروں کی مدد کرتی ہے، اور گذشتہ کاؤنٹی سیزن میں 46 وکٹیں لینے والے عادل کا دوسرے ٹسٹ کیلئے ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے مقابلہ معین علی اور جیمز ٹریڈول سے ہے۔ وان کا کہنا ہے کہ اگر انھیں اس طرح کی وکٹ پر موقع نہیں دیا گیا تو انھیں سمجھ نہیں آ رہا کہ انھیں پھر کب انگلینڈ کیلئے موقع دیا جائے گا؟