طیاروں میں عنقریب فون کال اور انٹرنیٹ کی سہولت

نئی دہلی ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فضائی حدود میں پرواز کے دوران تمام فضائی مسافرین بہت جلد فون کال اور انٹرنیٹ استعمال کرسکیں گے ۔ ٹیلی کام کمیشن نے ہندوستان میں تمام اندرون ملک اور بین الاقوامی طیاروں میں فون کال اور انٹرنیٹ استعمال کرنے کی اجازت دینے سے متعلق ایک تجویز کو آج منظوری دے دیا ہے ۔ ٹیلی کام ریگولیٹری اتھاریٹی آف انڈیا ( ٹرائی) کی طرف سے کی گئی تقریباً تمام سفارشات سے اتفاق کرلیا گیا ہے ۔ ایک اعلیٰ خاتون عہدیدار نے یہ تفصیلات بیان کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’ ہم اس عمل ( کے آغاز کو ) تیز تر کررہے ہیں اور اندرون تین ماہ تیار ہوجائے گا ‘‘ ۔ ٹرائی کے مطابق دوران پرواز کسی طیارہ کے 3000 میٹر بلندی پر پہنچ جانے کے بعد فون کال کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔ کال کرنے کیلئے فون کے ایروپلین موڈ بند رکھنا ہوگا ‘ بالعموم طیاروں کی پرواز کے دوران یہ کھلا رکھا جاسکتا ہے ۔ انڈین ایئر لائنز نے کہا کہ یہ سہولت بیرونی ایر لائنز کمپنیوں سے مسابقت کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگی ۔