شہزاد تینوںطرز میںسنچری بنانے کے اعزاز پر کافی مسرور

میرپور۔31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ٹوئنٹی20 ورلڈکپ میں پاکستانی اوپنر احمد شہزاد نے بنگلہ دیش کے خلاف سنچری بناکر پاکستان کے لئے تینوں طرز میں سنچری بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے تینوں طرز میں سنچری بنانے کا منفرد کارنامہ انجام دیا ہے۔ احمد شہزاد نے کہا ہے کہ ایک دو اننگز سے کسی بھی بیٹسمین کو نہیں پرکھا جاسکتا۔22 سالہ احمد شہزاد نے کیریئر کا 25واں ٹوئنٹی20 مقابلہ کھیلا اور 111 رنز کی زبردست اننگز کی بدولت وہ ویسٹ انڈیز کرس گیل، نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم، مارٹن گپٹل،سری لنکا کے تلکارتنے دلشان،مہیلا جے وردھنے اورہندوستان کے سریش رائنا کے ساتھ اس مخصوص کلب کا حصہ بن گئے جنہیں اس طرز میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔احمد شہزاد کو اس سے قبل پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔ گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف ہرارے میں احمد نے98ناٹ آوٹ رنز بنائے تھے۔

اس شاندار اننگز کے بعد وہ ٹوئنٹی20 کی 9 اننگز میں بڑا اسکور نہیں کرسکے تھے تاہم اس دوران انھوں نے سری لنکا کے خلاف شارجہ ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 147 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ دریں اثناء احمد شہزاد نے حالیہ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف سنچری اور افغانستان کے خلاف نصف سنچری بھی بنائی تھی۔ ایک ہفتے قبل آسٹریلیا کے خلاف عمر اکمل نے94رنز بنائے تھے۔ احمد سے قبل آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے156رنز انگلینڈ کے خلاف بنائے ہیں جوکہ ٹوئنٹی20 کا اعظم ترین اسکور ہے۔ نیوزی لینڈ کے مکالم نے124، جنوبی افریقہ کے رچرڈ لیوی ،ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے117 اور نیوزی لینڈ کے مکالم اور ایلکس ہیلز نے 116رنز بنائے ہیں۔